جماعت اسلامی ٹنڈو الہیار کا مہنگائی کیخلاف احتجاج

205

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پرمہنگائی کیخلاف اعلان کردہ مظاہروں کے سلسلے میں جماعت اسلامی ٹنڈوالٰہیار کی جانب سے فردوس مسجد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت ضلعی امیر دیدار حسین بھرانی ، عبدالوحید قائم خانی نائب امیر ضلع حاجی شفیق مغل جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع ٹنڈوالٰہیار عاشق حسین خانزادہ نے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے آئی ایم سے درآمد شدہ گورنر سے لے کر وزیرخزانہ تک عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسانے کی حمایت کرکے عوام دشمنی کا کھلا ثبوت دیا ہے،رضا باقر کو بیرون ملک 40لاکھ پاکستانیوں کا فائدہ نظر آرہا ہے لیکن 22کروڑ عوام کو مہنگائی کے ذریعے زندہ درگور کرنے کا عمل رکنے کا نام ہی نہیں لیتا،غریب قوم حکمرانوں کی عیاشیوں کے نتائج بھگت رہی ہے، مدینے کی ریاست کی رٹ لگانے والے حکمرانوں نے توانائی کی تمام تر مصنوعات اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، موجودہ حکومت کو مزید وقت دینے کا مطلب مزید تباہی ہوگی، مہنگائی روکنے کیلیے اقدامات کرنے کی دعویدار حکومت ڈالر کو مہنگا، پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ملک کی معیشت کی کشتی کو غرق کرنے کے درپے ہیں۔ تبدیلی سرکار ناکام ہو چکی ملک تباہی کی جانب گامزن ہے ، عمران خان نے قوم سے کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کیا ، مہنگائی سے شہری خودکشی کررہے ہیں جبکہ حکومت آئی ایم ایف کی غلامی میں مگن ہے۔ آٹا ، گھی ، چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ، جماعت اسلامی حکومت کی کارکردگی کو مسترد کرتی ہے، عمران خان کے پاس کوئی روڈ میپ اور نظریہ نہیں، مہنگائی کا نوٹس لینے کے دعویدار خود آئے روز پیٹرول،بجلی ،گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی کرکے عوام کا خون چوسنے میں مصروف ہیں،جان لیوا مہنگائی کی نئی لہر پر وفاقی وزرا شرمندگی کے بجائے عوام کا مذاق اڑا رہے ہیں، 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں بیروزگار نوجوانوں کا احتجاج موجودہ نااہل حکمرانوں کیخلاف فیصلہ کن تحریک کی بنیاد بنے گا، مہنگائی کی سونامی عوام کو غرق کرنے پہ تلی ہوئی ہے لیکن حکمران ڈھٹائی اور بے شرمی کے ساتھ آج بھی ’’گھبرانا نہیں‘‘ کی رٹ لگائے ہوئے ہیں، وزیراعظم کے پاس کسی بھی قسم کی کوئی با صلاحیت ٹیم نہیں۔ ہر ماہ 20افراد خود کشی کر رہے ہیں۔ کوئی ایک وعدہ بھی ایسا نہیں جو حکومت نے پور ا کیا ہو۔ تبدیلی نے ملک و قوم کا حلیہ بھی بگاڑ کر رکھ دیا ہے، پیٹرولیم‘ ایل پی جی کے بعد بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ قابل مذمت ہے۔ پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرنے والوں نے لوگوں کو بے گھر کر دیا ہے۔ بجلی بحران سنگین ہوتا چلا جا رہا ہے۔ سود کا خاتمہ کر کے ہی معیشت کو استحکام دیا جا سکتا ہے ۔ اس موقعے پر نائب امیر ضلع محمد یونس قائم خانی اور صدر الخدمت فائونڈیشن ضلع ٹنڈوالٰہیار خورشید عالم کھوکھر بھی موجود تھے۔