نبی اکرمﷺ کی ذاتِ تمام جہانوں کیلیے رحمت ہے،عبدالقدوس احمدانی

238

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت ) جماعت اسلامی ٹنڈوآدم کے زیر اہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس ٹنڈوآدم ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیرِ انتظام حرا مسجد طور کالونی ٹنڈوآدم میں منعقد کی گئی۔ سیرت کانفرنس میں خصوصی خطاب عبدالقدوس احمدانی ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ نے کیا جبکہ نائب امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ مشتاق احمد عادل ،قیم جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ عبدالغفور انصاری اور امیر جماعت اسلامی ٹنڈوآدم عبدالستار انصاری نے بھی خطاب کیا۔ سیرت کانفرنس میں جماعت اسلامی کے کارکنان، ارکان،تنظیم اساتذہ ضلع سانگھڑ کے عہدیداران و ارکان سمیت وکلا، اساتذہ اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عبدالقدوس احمدانی نے اپنے خطاب میں حیات محمد الرسول ﷺ کے واقعات اور حالات سے حاضرین کے جوشِ ایمانی اور غیرت مسلم کو جگایا،ان کا کہنا تھا یقیناً نبی اکرمﷺ کی ذاتِ مقدس تمام جہانوں کے لیے رحمت ہے، جس معاشرے میں نبی مہربان کو مبعوث کیا گیا تھا وہ انتہائی پستی کا شکار تھا مگر آپ علیہ السلام کے کردار، اخلاق، ایمان باللہ، جدوجہد مسلسل نے اس معاشرے کو یکسر بدل دیا۔آج بھی وہی نبی، وہی قرآن اور وہی دین اسلام ہے مگر ہمارے ایمان کمزوری کا شکارہیں اگر ہم اللہ اور اس کے رسول کے احکامات کے مطابق اپنی زندگیوں کوڈھال لیں تو معاشرے میں امن و سلامتی، عدل و انصاف، محبت و اخوت پروان چڑھ جائیں گے۔ہمیں نام نہاد نہیں حقیقی ریاست مدینہ قائم کرنی ہے، جماعت اسلامی اپنے وجود کے اول روز سے اس جدوجہد میں لگی کہ بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر اللہ اور اس کے رسول کی غلامی میں ڈال دیں اور یہی راہ نجات ہے ۔ کانفرنس کے اختتام پر شرکا کیلیے طعام کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔