جیکب آباد،پولیس زیادتیوں کیخلاف چیمبر آف کامرس کا احتجاج ایک گرفتار

411

جیکب آباد(نمائندہ جسارت)جیکب آباد میں پولیس زیادتیوں کے خلاف چیمبر آف کامرس کے احتجاجی تحریک کے اعلان کے بعد ہندو پنچائت کے صدر کو گرفتار کر لیا گیا ،نقلی کھاد دینے کا الزام ،پولیس لعل چند کی دکان کے تالے توڑ کر لاکھوں کا سامان بھی لے گئی ،بیوپاریوں کا احتجاج صرافہ چوک پر علامتی بھوک ہڑتال سخت نعرے بازی ،لعل چند کو فی الفور آزاد کرنے مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں بیامنی اور پولیس زیاتیوں کے خلاف چیمبر آف کامرس کی جانب سے احتجاجی تحریک کے اعلان کے بعد پولیس نے ہندو پنچائت کے صدر لعل چند سیتلانی کو گرفتار کر لیا ہے پولیس نے نقلی کھاد بیچنے کے الزام میں کھاد بازار میں لعل چند سیتلانی کی دکان پر چڑھائی کرکے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھی لے گئی جس پر جیکب آباد کے بیوپاری اور ہندو کمیونٹی سراپا احتجاج بن گئی ہے۔ پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس کے بعد چیمبر آف کامرس کے صدر احمد علی بروہی ،صرافہ یونین کے صدر جمال الدین لکھن ،حاجی یوسف میمن،پی پی (ش ب) کے ندیم قریشی ،میڈیکل یونین کے راجیش گورکھا،دیوآنند،سریچند ،نور محمد منجھو،سنی ولوانی اور دیگر نے شرکت کی ۔مظاہرین نے پولیس گردی کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ احمد علی بروہی کا کہنا تھا کہ نا انصافی اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے والوں پر پولیس کی جانب سے چرس ،گٹکا رکھنے کے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔پولیس شہریوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہی ہے ہندوکمیونٹی کو پولیس کے ذریعے ہراسان کیا جا رہا ہے قانون نام کی کوئی چیز جیکب آباد میں نہیں رہی چوری رہزنی کی وارداتیں معمول بن گئی ہے پولیس مکمل ناکام ہے۔ ایس ایس پی کی زیادتیاں حد سے بڑھ گئی ہیںشہریوں کو منشیات اور دیگر سنگین مقدمات میں گرفتار کرنے کے لیے دھمکایا جا رہا ہے اگر نقلی کھاد کی شکایت ہے تو محکمہ زراعت کے افسران کھاد کے نمونے لیکر لیبارٹری بھیجتے ہیںپولیس کی کارروائی انتقامی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم ،وزیر داخلہ،وزیر اعلی سندھ ،آئی جی سندھ پولیس جیکب آباد میں بیوپاریوں ،ہندوکمیونٹی اور شہریوں پر ظلم زیادتی اور ناانصافی کا نوٹس لیںاور گرفتار پنچائت کے صدر کو جلد آزاد کیا جائے شام کو صرافہ چوک پر تمام تنظیموں کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا۔واضح رہے کہ ہندو پنچائت کے صدر لعل چند سیتلانی نے گزشتہ روز ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہرنواز شیخ سے وفد کی صورت میںملاقات کرکے ایس ایس پی جیکب آباد شمائل ریاض ملک کی شکایت کی تھی۔