آپﷺ تمام جہانوں کیلیے سراپا رحمت ہیں،شاہدہ اعجاز

279

جیکب آباد(نمائندہ جسارت) طالبات مدرسۃالقرآن نائب محلہ غریب آباد جیکب آباد کی جانب سے تقریب سیرتِ حضرت محمد مصطفیﷺکا انعقاد۔تفصیلات کے مطابق مطابق طالبات مدرسۃالقرآن نائب محلہ غریب آباد جیکب آباد کی جانب سے تقریب سیرتِ حضرت محمد مصطفیﷺ کا انعقاد کیا گیا جس سے صوبائی رہنما جماعت اسلامی حلقہ خواتین و پرنسپل مدرسۃالقرآن طالبات سیکشن شاہدہ اعجاز نے خطاب میں کرتے ہوئے کہا کہ آپﷺ تمام جہانوں کے لیے سراپا رحمت ہیں، آپﷺ کے اخلاق مبارکہ کے بارے میں حضرت اماں بی بی عائشہؓ کی امت کے لیے وہ روایت ہی کافی ہے جب کسی کے دریافت کرنے پر آپؓ نے فرمایا کیا تم نے قرآن کریم نہیں پڑھا،آپﷺ جب اس وقت معاشرے میں بچیوں کو زندہ درگور کیا جانا عام تھا آپﷺ نے اس پر فتن ،گھٹن اور ظلم کے ماحول میں اپنی لخت جگر بی بی فاطمہ ؓ سے شفقت و محبت کی انتہا کر کے امت کو بچیوں سے محبت و شفقت کے لیے تاقیامت رہنمائی عطا فرمائی،آپﷺ کی تعلیماتِ سے ان افراد کو بشارت جنت کی نوید سنائی گئی ہے جنہوں نے اپنی ایک بیٹی یا زائد بیٹیوں کو دینی تعلیم و تربیت سے آراستہ کرنے کے بعد گھر سے رخصت کیا۔آپ ﷺ خاتم النبیین ہے،جن پر الہامی کتب میں سے آخری کتاب قرآن کریم نازل ہوئی ہے جس کے لیے آپﷺکا فرمان ہے کہ تم میں سے بہتر وہ شخص ہے جو قرآن کا پڑھنا سیکھے اور سکھائے۔ شاہدہ اعجاز نے مزید کہا کہ آپﷺ کی حیات و سیرتِ طیبہ میں قیامت تک پیدا ہونے والی انسانیت کے لیے زندگی گزارنے کا سب سے بہترین طریقہ موجود ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت جزائے خیر عطا فرمائے ان حکومتوں، حکمرانوں اور عام افراد کو جو آپ ﷺکی تعلیمات کی روشنی میں قرآن کی تعلیم کے فروغ دینے کے لیے معاون و کوشاں رہتے ہیں۔ قبل ازیں تقریب کے آغاز میں کشف محمد عارف تنولی کی تلاوتِ قرآن پاک اور سعدیہ محمد صالح سومرونے نعت رسول کریم ﷺپیش کی جس کے بعد مدرسۃالقرآن میں ناظرہ قرآن کریم اور بنیادی دینی تعلیم مکمل کرنے والی طالبات جویریہ بنت محمد حنیف کھوسو، مریم بنت عبدالرزاق سرھیو، فاطمہ بنت علی بخش، فاریہ بنت محمد زبیر شیخ اور عروج بنت محمد جاوید سرھیو کو ان کی ماؤں اور بہنوں اور کثیر تعداد طالبات کی موجودگی میں ادارے کی جانب سے شاہدہ اعجاز پرنسپل مدرسۃالقرآن اور استاد عالمہ حلیمہ محمد حنیف کھوسو نے نسخہ کلام پاک تحفتاً دیا۔تقریب میں نظامت کی ذمے داری کائنات بی بی نے ادا کی جبکہ عالمہ حلیمہ کھوسو نے اختتامی دعا کروائی۔