منشیات کے خاتمے کیلیے اینٹی منشیات مہم کے وفد کی عمران حفیظ سے ملاقات

111

گولارچی(نمائندہ جسارت )ضلع بھر میں سرعام چلنے والے منشیات کے کاروبار کی روک تھام کے لیے جدوجہد کرنے والی تنظیم اینٹی منشیات مہم کے ایک وفد نے کڑیو گہنور تھانے میں ایس ایچ او عمران حفیظ گمبھیر سے ملاقات کرکے منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس کی کوششوں کو سراہا اور ان کی پوری ٹیم کی تعریف کی۔اس موقع پر انہوں نے منشیات کی مین سپلائی کے ذرائع اور سہولت کاروں کے خلاف مزید سخت کارروائیوں پر زور دیا۔جبکہ ایس ایچ او عمران حفیظ نے پولیس کی جانب سے گزشتہ ایک ماہ کے دوران کی گئی کارروائیوں سے انہیں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاتفریق سخت کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیزی سے جاری رہے گا۔ جرائم پیشہ افراد اپنا قبلہ درست کرلیں۔دوسری جانب بدین پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران کڑیو گہنور پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف 14مقدمات کااندراج کیا گیا اور 19 ملزمان کو حراست میں لیاگیا جبکہ ایک کار،ایک پک اپ،ایک جیپ ،5 موٹر سائیکل ، 465 لیٹر دیسی شراب،1107مین پوری،5200 سفینہ گٹکا،ایک رائفل40 گولیاں اور 20 کٹے چھالیہ سمیت دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔