سکھر اور روہڑی میں گیس کی لوڈشیڈنگ ،عوام پریشان

225

سکھر( نمائندہ جسارت ) سکھر اور جڑواں شہر روہڑی سمیت گردونواح میں سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پریشر میں کمی کے باعث امور خانہ داری کا نظام سخت متاثر خواتین کو کھانا پکانے میں دشواری ،دفاتر اسکول جانے والوں کو تاخیر کا سامنا، لوڈشیڈنگ ختم اور پریشر درست کرنے کا مطالبہ۔ سکھر شہر کے نیو پنڈ ، میانی روڈ، پرانا سکھر، ڈھک روڈ سمیت دیگر علاقوں اور روہڑی کے نیو یارڈ لوکو شیڈ، رجب دایو، ڈلھو علیواہن،علیواہن سمیت دیگر علاقوں و گردونواح میں موسم کی تبدیلی سے قبل ہی سوئی گیس انتظامیہ کی جانب سے سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پریشر میں کمی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، لوڈ شیڈنگ اور پریشر کم اس وقت کیا جاتا ہے جب صبح سویرے ناشتے دوپہر اور شام کو کھانا پکانے کے اوقات ہوتے ہیں جس کی وجہ سے خواتین کو امور خانہ داری میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،صبح کے وقت اسکول جانے والے طلباو طالبات اور دفاتر جانے والوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے شہریوں کی جانب سے شکایات کے باوجود سوئی گیس کا پریشر درست نہیں کیا جارہا ۔روہڑی کی سیاسی، سماجی اورمذہبی حلقوں نے سوئی گیس کے اعلی حکام سے سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم اور پریشر درست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔