ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: نمیبیا ، آئرلینڈ کو شکست دے کرسپر12مرحلے میں پہنچ گیا

383

شارجہ (نمائندہ خصوصی) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں نمیبیا نے آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا، نمیبیا نے آئرلینڈ کا 126 رنز کا ہدف باآسانی 19ویں اوور میں حاصل کرلیا، ڈیوڈ ویزے کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعہ کو شارجہ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے گروپ اے کے میچ میں آئر لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے ۔پول ا سٹرلنگ نے38 رنز کی اننگز کھیلی۔ کیون اوبرائن 25 اور کپتان اینڈی بلبیرنے 21 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ۔ نمیبیا کے بائولر جان فریلنک نے 21 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیوڈ ویزے نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ نمیبیا نے 126 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا۔ نمیبیا کے کپتان اراسمس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 53 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ آل رائونڈر ڈیوڈ ویزے 14 گیندوں پر28 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ آئرلینڈ کے بولر کرٹس کیمفر نے2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ڈیوڈ ویزے کو شاندار آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس طرح نمیبیا نے آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سپر 12 مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔