صنعتوں کا فروغ معاشی و صنعتی ترقی کا واحدراستہ ہے ، اسماعیل ستار

322

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان ( ایس ایم اے پی)کے چیئرمین وصدر ای ایف پی اسماعیل ستار نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس ترقی کے انجن کے طور پر کوئی اور آپشن موجود نہیں ہے لیکن معیشت میں مستحکم ترقی کے لیے جنگی بنیادوں پر تیزی سے صنعتوں کا فروغ ممکن بنانا ہوگا جو پائیدار ترقی اور عوام کے معاشی مفاد میں ہو سکتا ہے۔ملک کو معاشی وصنعتی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے لیے تیزی سے صنعتوں کا فروغ ہی واحد راستہ ہے۔ یہ بات انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقد ہ سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے تیسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں نعمان کبیر،ای ایف پی کے ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز ، انچارج لاہور ڈویژن ملک طاہر جاوید،جاوید بھٹی، ریاض، قاسم پراچہ، احمد صادق تواب، اشتیاق، زوہیب اختر، وقاص رزاق، محمد اسلم، جواد شیروانی اور شاہ شمس و دیگر ممبران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں شریک لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں نعمان کبیر نے سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین وصدر ای ایف پی اسماعیل ستار کی موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پنجاب میں صنعتوں کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور سالٹ انڈسٹری کے لیے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات کی۔اجلاس میں اس امر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ پاکستان میں معدنیات سے کیمیکلز میں ترقی کے زبردست مواقع موجود ہیں کیونکہ اس قسم کی صنعت ہماری معیشت میں تقریباً غائب ہے اور دوسری طرف کیمیکلز انڈسٹری عالمی سطح پر ایک ٹریلین ڈالر انڈسٹری بن گئی ہے۔اسماعیل ستار کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تقریباً 92 معدنیات کی دستیابی سے فائدہ اٹھانا چاہیے جن میں سے بیشتر کیمیائی مصنوعات میں تبدیل ہونے کے قابل ہیں جو بیشتر پاکستان میں درآمد کی جاتی ہیں اور ابھی تک تیار نہیں کی جاتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے ان معدنیات کو ویلیو ایڈڈ کیمیکلز میں تبدیل کرنے کے عمل کو چیلنج کے طور پر قبول کیا ہے ۔