خواتین کا ٹیکنیکل، ووکیشنل تربیت حاصل کرنا خوش آئند ہے، سلمان اسلم

305
صدر کاٹی سلمان اسلم گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ برائے خواتین کورنگی کی کامیاب طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کر رہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ٹیکنیکل یا ووکیشنل ایجوکیشن کسی بھی ملک کی صنعتی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس کی سب سے بڑی مثال ہمارا پڑوسی ملک چین ہے،جو مینوفیکچرنگ اوربرآمدات میں دنیا میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔یہ بات کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر سلمان اسلم نے گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ برائے خواتین کورنگی اور لانڈھی میں بحیثیت مہمان خصوصی کامیاب طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ لانڈھی کی پرنسپل وحیدہ ارشد، انچارج وحید النساء اور گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ کورنگی کی انچارج فوزیہ عابد بھی موجود تھیں۔صدر کاٹی سلمان اسلم نے کہا کہ صرف طلبا کو ہی نہیں، طالبات کو بھی اب ٹیکنیکل یا ووکیشنل تربیت کا ضرور سوچنا چاہیے۔ جس کے پاس ہُنر اور قابلیت ہے وہ ہر طرح اپنے گھر کا کفیل اور بازو بن کے اپنے اہل خانہ کا معاشی بوجھ اٹھا سکتا ہے۔