جونیئرعالمی ہاکی کپ کے لئے مضبوط ٹیم تیار کی جائے گی، خالد سجاد کھوکھر

276

اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ جونیئرعالمی ہاکی کپ کے لئے مضبوط ٹیم تیار کی جائے گی۔گذشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں ہاکی کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی جونیئر ہاکی کپ بھارت کے شہر بھوبنیشور میں24 نومبر سے 5 دسمبر کھیلا جائیگا۔ ٹورنامنٹ میں 16 ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ان ٹیموں کو4 پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں بیلجیئم، ملایشیا، سائوتھ افریقا اور چلی پول بی میں انڈیا ، کینیڈا، فرانس اور پولینڈ پول سی میں ہالینڈ، ا سپین، کوریا اور امریکا پول ڈی میں جرمنی، ارجنٹائن، پاکستان اور مصر شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ جونیئرعالمی ہاکی کپ میں شرکت کرنے والی قومی جونیئر اسکواڈ کی حتمی تشکیل کے لئے 2روزہ ٹرائلز30 اور31اکتوبر عبدالستارایدھی اسٹیڈیم کراچی ہونگے ۔ اولمپین منظور جونیئر کی قیادت میں قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی2روزہ ٹرائلز میں قومی جونیئر ہاکی تربیتی کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کی کارکردگی اور صلاحیتوں کا جائزہ لے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ہاکی سلیکشن کمیٹی میں اولمپین منظور جونیئر(چیئرمین)، دیگر ممبران میں اولمپین کلیم اللہ، اولمپین ناصر علی، اولمپین ایاز محمود، اولمپین خالد حمید اور اولمپین وسیم فیروزشامل ہیں۔عالمی جونیئر ہاکی کپ بھارت کے شہر بھوبنیشور میں24 نومبر سے 5 دسمبر کھیلا جائیگا۔پاکستان جونیئرز ہاکی ٹیم پہلا میچ جرمنی کے خلاف 24 نومبر کو کھیلے گی جبکہ 27 نومبر کو پاکستان مصر کے مدمقابل اعزاز کے حصول کے لئے نبرد آزما ہوگا۔قومی ہاکی ا سکواڈ ارجنٹائن کے خلاف پول رائونڈ کا آخری میچ28 نومبر کو کھیلے گا۔