ٹی ٹوئنٹی کا دوسرا مرحلہ آج امارات میں شروع ہوگا

158

دبئی/کراچی(نمائندہ خصوصی/سید وزیر علی قادری) ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی جنگ کا دوسرا مرحلہ آج سے متحدہ عرب امارات میں شروع گا۔ورلڈ کپ کا سپر12مرحلہ کے افتتاحی روز 2میچز کھیلے جائیں گے ،پہلے میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ جنوبی افریقا دوسرے میچ میں انگلینڈ کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہو گا۔میگا ایونٹ کا سب سے بڑا پاک بھارت میچ کل دبئی میں کھیلا جائیگا ۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کو 16لاکھ اور رنرز اپ ٹیم کو 8لاکھ ڈالرز انعام ملے گا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائنگ رائونڈ کے بعد سپر12مرحلہ آج سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو گا۔ کوالیفائنگ رائونڈ میں سری لنکا ،بنگلادیش ، اسکاٹ لینڈ اور نمبیا کی کرکٹ ٹیموں نے سپر12مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔ سپر12مرحلے کے پہلے روز 2میچز کھیلے جائیں گے ۔پہلے میچ میںگروپ ایک میں شامل آسٹریلیا اورجنوبی افریقا کے مابین میچ ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ بھی گروپ ایک میں شامل انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا میچ گروپ2میں شامل پاکستان اور بھارت کے درمیان کل شام7بجے انٹرنیشنل کرکٹ ا سٹیڈیم دبئی میں کھیلا جائے گا۔میگا ایونٹ سے قبل پاکستان نے2وارم اپ میچز کھیلے ،پہلے وارم اپ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان کو جنوبی افریقاکے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔26اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ،شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم، 29 اکتوبر کوپاکستان بمقابلہ افغانستان، دبئی،2نومبر کو پاکستان بمقابلہ اے 2 ابوظہبی،7نومبر کو پاکستان بمقابلہ بی ون،شارجہ میں کھیلا جائیگا۔10نومبر کو پہلا سیمی فائنل ابوظہبی،11نومبر کو دوسرا سیمی فائنل دبئی جبکہ 14نومبرکوفائنل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ ا سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔