رینجرز و پولیس کی کارروائیوں میں 17 ملزمان پکڑے گئے

245

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) رینجرز اورپولیس نے شہر میں کی گئی چھاپو ں،مقابلوں اور دوسری کارروائیوں میں 17ملزمان کوگرفتار کرلیا،تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرز اور پولیس نے پرانی سبزی منڈی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تاجر کے اغواء برائے تاوان میں ملوث 2 بھتا خوروں کوگرفتار کرلیا۔ترجمان رینجرز نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں شاہد اور شکیل ایک تاجر کو کئی مرتبہ اغواکرکے بھتا وصول کرچکے ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان تاجر ظفر اقبال سے 6 سال کے دوران 25 لاکھ بھتا وصول کرچکے ہیں۔پولیس کے محکمے انسدا د دہشت گردی اور قانون نافذ کرنے والے ایک ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ریڈ بک کے انتہائی مطلوب ملزم ظہور مہدی کو گرفتار کرلیا یہ دہشت گرد محمدعلی چھوٹا کی مالی معاونت میں مبینہ طورپرملوث رہا ہے۔فیڈرل بی ایریابلاک 15 یو بی ایل کمپلیکس کے قریب شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے دو ڈاکو 22سالہ کاشف ولد انور اور20سالہ عامر ولد رئیس کو پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میںگرفتار کرلیا۔ سرسید پولیس نے نارتھ کراچی سیکٹر 7 محمد شاہ قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 35 سالہ ریحان ولد عبدالکریم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔اتحاد ٹاؤن پولیس نے 2 اسٹریٹ کریمنل واجد خان اور نجیب اللہ کو گرفتار کرکے 2 پستول برآمد کرلیے۔چاکیواڑہ کلری‘ نبی بخش‘ بغدادی ‘گارڈن کھارادر اورائرپورٹ پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران گٹکا/ماوا کی سپلائی میں ملوث7 ملزمان کو گرفتارکیا۔مومن آباد، منگھوپیر، سرجانی اور پیرآباد پولیس نے مضر صحت گٹگے ماوے کی تیاری اور فروخت میں ملوث6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔