لاڑکانہ انڈسٹریل اسٹیٹ کا ٹائٹل سائٹ لمیٹڈ کو منتقل کیاجائے‘وزیراعلیٰ

216

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ لینڈ یوٹیلائزیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ لاڑکانہ انڈسٹریل اسٹیٹ کا ٹائٹل سائٹ لمیٹڈ کو منتقل کرے تاکہ صنعتی پلاٹوں کی الاٹمنٹ شروع کی جاسکے۔ انہوں نے محکمہ توانائی کو انڈسٹریل اسٹیٹ کو گیس کنکشن کی فراہمی کیلیے 326 ملین روپے کا سوئی سدھرن گیس کمپنی کا چالان بھی ادا کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یہ ہدایات وزیراعلیٰ ہاؤس میں لاڑکانہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے معاملے پر ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ صنعتی و تجارتی پلاٹوں کی الاٹمنٹ شروع کرنے کیلیے زمین کا ٹائٹل منتقل کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ منصوبے کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور فائر ٹینڈر ، ایمبولینس ، ٹریکٹر ٹرالیوں اور سیکورٹی گاڑیوں کی خریداری کا عمل جاری ہے‘ گرڈ اسٹیشن بلڈنگ کا 50 فیصد کام ہو چکا ہے۔