مہنگائی پر عوام کی تکلیف سے آگاہ ہوں ،پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کردیں،وزیراعظم

340
لاہور: وزیراعظم عمران خان کی وزیراعلیٰ ہائوس آمد پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور عثمان بزدار استقبال کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی تکلیف سے پوری طرح آگاہ ہوں،پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کردی ہیں، حکومت مختلف پروگرامز کے ذریعے کمزور طبقات کو ریلیف فراہمی کے لیے اقدامات کررہی ہے۔وزیراعظم جمعہ کو لاہور پہنچے جہاں ان سے گورنر پنجاب چودھری محمد سروراور وزیراعلی سردار عثمان بزدار نے الگ الگ ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو صوبے کے امور اور بلدیاتی اداروں کو فعال کرنے اور آئندہ بلدیاتی نظام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں عوامی ریلیف پر توجہ ہے، صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبو ں پر کام تیزی سے جاری ہے۔اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ضلع اور تحصیل کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کی گئی ہیں، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں تاکہ عوام کو سہولت ہو، تمام اداروں کو متحرک کرکے عوامی ریلیف کے اقدامات میں تیزی لائی جائے، عوام کے فائدے کے لیے تمام عوامی فلاحی منصوبوں کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔قبل ازیں وزیراعظم اورگورنر پنجاب کی ملاقات میں سیاسی اور حکومتی امور پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی ۔چودھری سرور نے عمران خان کو بتایا کہ دورہ یورپ کے دوران جی ایس پی پلس میں توسیع کے لیے یورپی پارلیمنٹ کے 4 نائب صدور سمیت30یورپی اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات ہوئی، برسلز ،ہنگری ،اٹلی میں بھی اہم ملاقاتیں کیں، جی ایس پلس اسٹیٹس میں توسیع کا فیصلہ پاکستان کے حق میں آئے گا، یورپی پارلیمنٹ کے اراکین امن کے لیے پاکستانی کردار کے معترف ہیں اور افغان امن عمل کے لیے پاکستانی کردار کو یورپ میں سب سراہ رہے ہیں،یورپی اراکین پارلیمنٹ نے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم نے زرعی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو یونیورسٹی بنانے کی منظوری دی جب کہ پنجاب حکومت کو یونیورسٹی کے قیام کے لییتمام فنڈز فراہم کر نے کی بھی ہدایت کی۔