دفتر خارجہ کی پاکستان اور امریکا کے مابین معاہدے سے متعلق خبروں کی تردید

599

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے افغانستان میں فوجی اور انٹیلی جنس آپریشن کے لیے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال کے لیے پاکستان اور امریکا کے مابین معاہدے سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے مابین کسی معاہدے پر بات چیت نہیں ہو رہی، پاکستان اور امریکا کا علاقائی سلامتی اور انسداد دہشت گردی پر دیرینہ تعاون ہے، پاکستان اور امریکا کے درمیان باقاعدہ مشاورت جاری ہے۔

ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور امریکا رابطے میں ہیں۔

خیال رہے کہ سی این این نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں آپریشن کے لیے فضائی حدود کے استعمال پر پاکستان اور امریکا معاہدے کے قریب ہیں، گزشتہ روز ایک اجلاس میں بائیڈن انتظامیہ نے کانگریس ممبران کو افغانستان میں آپریشن کے لیے پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال کے لیے جاری مذاکرات سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔

سی این این کے مطابق پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور بھارت سے تعلقات کی بہتری میں امریکی مدد کے بدلے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی خواہش کا اظہار کیا ہے، ابھی مذاکرات جاری ہیں اور معاہدے کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔