وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 26 اکتوبر کو ایران جائیں گے

180

اسلام آباد (آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی26 اکتوبر کو ایران کا اہم دورہ کریں گے، جہاں وہ 27 اکتوبر کو افغانستان کے ہمسایہ ممالک پلس روس کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے، کانفرنس میں روس، چین، پاکستان، ایران، تاجکستان، ازبکستان اور ترکمانستان کے وزرائے خارجہ و اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں افغانستان میں انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی، طالبان عبوری حکومت کے اپنے وعدوں پر عملدرآمد اور افغانستان میں انسانی حقوق کی صورتحال اور اس کے علاوہ افغانستان عبوری
حکومت میں مختلف نسلی گروہوں کی شمولیت کے حوالے سے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ شاہ محمود قریشی کانفرنس کی سائیڈ لاینز پر روس ، چین ، ایرانی ، تاجک و دیگر ہم منصبوں سے ملاقاتیں کریں گے ، دورے کے دوران وزیر خارجہ کی ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سمیت سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتوں کا امکان ہے۔