ملکی خودمختاری کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنائینگے، آرمی چیف

195

راولپنڈی/ بہاولپور (این این آئی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک بارپھر واضح کیا ہے کہ پاک فوج مادروطن کی جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کے لیے تیار ہے، پاکستان کی خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع یقینی بنائیں گے۔جمعرات کو آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے خیرپور ٹامیوالی اور اسرانی میں تربیتی مشقوں میں میکنائزڈ دستوں کے جنگی آپریشنز کا مشاہدہ کیا، مشقوں میں فارمیشنز نے جارحانہ حکمت عملی کے آپریشن کیے، آرمی چیف نے فارمیشن کے آپریشنل سائیکل کے تحت مختلف ویپن سسٹمز
کے فائر پاور کا بھی جائزہ لیا، فائر پاور میں میکنائزڈ انفینٹری، آرمر اور دیگر شعبے شامل تھے، آرٹلری، ائرڈیفنس کو پاک فضائیہ اور کمبیکٹ ایوی ایشن کی سپورٹ بھی شامل تھی۔آرمی چیف نے جوانوں کے تربیتی معیار اور آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ موجودہ خطرات کو دیکھتے ہوئے تربیتی معیار کو مزید بہتر بنانیکی ضرورت ہے تاکہ دشمن کے تمام مذموم عزائم ناکام بنائے جاسکیں۔ قبل ازیں آرمی چیف کا کور کمانڈر بہالپور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا نے استقبال کیا۔