جیکب آباد ،جے یو آئی اور جے ٹی آئی کے تحت مہنگائی کیخلاف احتجاج

272

جیکب آباد(نمائندہ جسارت) جے یو آئی اور جے ٹی آئی کی جانب سے پی ڈی ایم کی اپیل پر مرکزی اور ضلعی رہنمائوں کی قیادت میں بڑا احتجاجی مظاہرہ، مارچ، مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف نعرے۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے پی ڈی ایم کے قائد مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ جے یو آئی کے مرکزی سالار انجینئر عبد الرزاق عابد لاکھو، ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، مولانا سلیم اللہ بروہی، انجینئر حماداللہ انصاری،محکم الدین بروہی، مولانا شاہ مراد جکھرانی، محمد الیاس بروہی ، محمد پناہ بروہی، محمد موسیٰ مہر اور دیگر کی قیادت میں جیکب آباد کے بڑے ولیج محمد پناہ بروہی کی امرو ٹی جامع مسجد سے نکالا گیا۔مظاہرین کے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز تھے جن پر نااہل حکومت نامنظور، مہنگائی نامنظور، بیروزگاری نامنظور جیسے نعرے درج تھے ۔مظاہرین نے مختلف راستوں پر نعرے لگاتے ہوئے مولانا عبیداللہ سندھی چوک پر دھرنا دیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ موجودہ نااہل حکومت نے مہنگائی کرکے عوام کو عذاب میں مبتلا کردیا ہے جس سے غریبوں کی چیخیں نکل چکی ہیں ملک کی 74سالہ تاریخ میں عوام کے کھانے پینے کی اشیا اتنی مہنگی نہیں ہوئی جتنی عمران خان کی حکومت کے دور میں ہوئی ہے جس نے عوام جینا حرام کردیا ہے، غریب عوام پیٹ کے لیے کریں یا علاج اور بچوں کے تعلیم کے لیے کچھ کریں۔انہوں نے کہا کہ اب اس نالائق حکومت کو گھر بھیج کر سکھ کا سانس لیں گے۔