مٹیاری، مسائلستان میں تبدیل ، شہری زہریلا پانی پینے پر مجبور

267

مٹیاری(نمائندہ جسارت)مٹیاری ضلع کی بگڑتی ہوئی صورتحال پرآل پارٹیز کانفرنس عوامی اتحاد کی جانب سے اجلاس کاانعقاد،ضلع مسائلستان کا گڑہ بن گیاہے جس پر علی بابا 40 چوروں کا راج ہے ،سرکاری اسپتالوں میں موت کا رقص ہورہاہے ،ضلع کے لاکہوں افراد مضرصحت زہریلا پانی پینے پر مجبور ہورہے ہیں ،صحافت کوریاست کا چوتھاستون کہنے والی حکومت اور نمائندوں نے مٹیاری ضلع کے صحافیوں کے فلاح وبہبوداور بہتری کے لیے کوئی کردارادانہیں کیا اگر مسائل کو حکومت اور منتخب نمائندوں نے فوری حل نہ کیا تو عدالت میں پٹیشن دائر کرنے کے ساتھ بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ ضلع میں انقلاب اور تبدیلی کیلیے معاشرے کے تمام افرادکوبھرپور کردار اداکرنا ہوگا۔ سیاسی سماجی رہنماؤں کا خطاب۔تفصیلات کے مطابق ہالا ماشاء اللہ ہاؤس پر مٹیاری ضلع کی بگڑتی ہوئی صورتحال ،مبینہ کرپشن ،بھتا خوری ،قبضہ مافیا دیگر مسائل کے حل کے لیے آل پارٹیزعوامی اتحاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجس میں جے یوآئی کے صوبائی رہنما سلیم سندھی، فنکشنل لیگ کے صوبائی رہنما نصیر میمن ،سید منور شاہ،نوازلیگ کے رہنما منصورنواز بھیو،جماعت اسلامی کے عطا الرحمن ،معروف سماجی ورکر یاسین راجپوت،سندھ ترقی پسند پارٹی کے جام شوکت ابڑو،سندھ سکار سوسائٹی کے رہنما ایاز میمن ،سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے انور برڑو ودیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہالا سمیت مٹیاری ضلع میں سرکاری لگے ہوئے سیکڑوں فلٹر پلانٹ غیرفعال پڑے ہیں جس سے ضلع کے لاکہوں افراد مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ہالا سمیت ضلع کے سرکاری اسپتالوں میں طویل عرصے سے سہولیات کا فقدان ہے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز مقرر نہیں کیے جاتے،ضلع کی سڑکیں ٹوٹ پہوٹ کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ نہری پانی محکمہ آبپاشی کی جانب سے بااثر کاشتکاروں کو فروخت کیاجارہاہے غریب کاشتکاروں کو نہری پانی کے قطرے کے لیے پریشان کیاجارہاہے جس سے ضلع کی ہزاروں ایکڑ زمینیں بنجر ہورہی ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ بھٹ شاہ ڈولپمنٹ پروجیکٹ کے علاوہ ضلع کے اکثر سرکاری اداروں میں کرپٹ افسران بے خوف ہوکر کرپشن کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نیوسعیدآباد میں ڈینگی وائرس کے نام پر افسران علاج معالجہ کے لیے کوئی بہتر کردار ادا نہیں کررہے ہیں ۔معروف صحافی قاسم قنبرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صحافت کو حکومت کی جانب سے ریاست کا چوتھاستون قرار دینے کے باوجود حکومت ہالا سمیت مٹیاری ضلع کے صحافیوں اور پریس کلب کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہاکہ مٹیاری کے جنگلات میں بااثر شخصیات کا قبضہ ہے محکمہ فاریسٹ کوئی اقدامات نہیں کررہا۔انہوں نے کہاکہ مٹیاری ضلع میں پولیس گردی ہے پولیس عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہے۔ ضلع میں علی بابا 40 چوروں کا راج قائم ہے تمام رہنماؤں نے مشترکہ طور پر کہاکہ ضلع کے مسائل کے حل کے لیے عدالت میں مقدمات درج کرنے نیشنل ہائی وے اور ضلعی افسران کے دفاتر اور منتخب نمائندوں کے بنگلوں تئے ٹانگ کر بھرپوراحتجاج کیاجائے گا۔ ان کا کہنا تھاکے مسائل کے حل کے لیے آئندہ الیکشن میں صحیح ووٹ داخل کرنابہتر مستقبل کی ضمانت ہے ضلع میں تبدیلی اور انقلاب کے لیے تمام افراد کو اپنا بہتر کردار ادا کرناہوگا۔