ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ ناگزیر ہوچکا ہے،معراج الہدیٰ

221
حیدرآباد: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان معراج الہدیٰ صدیقی سیر ت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے تحت زون آفندی ٹاﺅن مکی مسجد ملت آباد زون یوسی 25,26وسطی لاکھا مسجد کھوکھر محلہ اور زون لطیف آباد رحمانیہ مسجد میں ” سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس “کا انعقادکیا گیا، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ، مذہبی اسکالر ثنا اللہ رحمانی نے خصوصی خطاب کیا، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان ، نائب امیر عبدالقیوم شیخ، زون آفندی ٹاﺅن کے امیر عامر فاروق ، عبدالمعید شیخ، حنیف شیخ ، قاری ارشد ہاشمی و دیگر ذمے داران بھی شریک تھے۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں شریعت محمدی کے نفاذ کے لیے سرگرم عمل ہے،باہمی محبت،انسانی ہمدردی،اخوت وبھائی چارگی اوراتحاد ویکجہتی کے لیے پوری قوم کومتحد ہونے کی ضرورت ہے،عوام نے ساتھ دیا تو پاکستان میں نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم انقلاب برپا ہوگا، انہوں نے کہا کہ نبی کریم کی زندگی میں ہم سب کے لیے ہدایت ورہنمائی موجود ہے،غلامان محمد امریکا اوراس کے حواریوں کومسترد کرتے ہیں۔ رسول اللہسے محبت کا تقاضا ہے کہ ان کے لائے ہوئے دین اسلام کے مطابق زندگی گزاریں، اسی دین کو مملکت خداداد سمیت پوری دنیا میں نافذ کریں، ربیع الاول کے مہینے میں جس طرح نبی کریم سے اظہار محبت کا ماحول بن جاتا ہے ایسا ماحول اگر پوری زندگی جاری رہے تو ہمارے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں، انسانیت کی تمام مشکلات کا حل اسلام میں موجود ہے۔ حکمران پارٹیاں وطن عزیز کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں، کسی نے بھی ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے کوئی کام نہیں کیا، ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والوں نے بھی یوٹرن لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قوم کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی اور آپشن نہیں، جماعت اسلامی کے پاس نڈر بے باک اور ایماندار قیادت موجود ہے جو ملکی و عوامی مسائل حل کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ مذہبی اسکالر ثناءاللہ رحمانی نے رحمانیہ مسجد میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت محمدی کو عام کرنا اُمت مسلمہ کی ذمے داری ہے، موجودہ دور میں دین اسلام کی صحیح تعلیمات کو اُمت تک پہنچانا ہماری ذمے داری میں شامل ہے۔