قانون کی حکمرانی میں بڑی رکاوٹ بیڈ گورننس ہے‘ اسلام آباد ہائیکورٹ

184

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی میں سب بڑی رکاوٹ بیڈ گورننس ہے۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد کے علاقہ ملوٹ کے رہائشیوں کی جانب سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قبضے تجاوزات اور علاقہ مکینوں کا راستہ بند کرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت میں کہی۔ درخواست گزاروں کی
جانب سے اشرف گوجر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور استدعا کی کہ ہاؤسنگ سوسائٹی کو راستہ کھلوانے کا حکم جاری کیا جائے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جب انتظامیہ طاقتور کو تحفظ دے گی تو عام آدمی کہاں جائے گا، بیڈ گورننس کی وجہ سے قانون کی حکمرانی میں پاکستان 130 ویں نمبر پر آچکا، بری حکمرانی کی وجہ سے سارا ملبہ اور بوجھ عدالتوں پر ڈال دیا جاتا ہے۔ اسلام آباد میں عوام کی زمین بااثر افراد کو دی جارہی ہے، عدالت نے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کو عوامی راستہ کھلوانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔