ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، بنگلا دیش نے پاپوانیوگنی کو 84 رنز سے شکست دے دی

374
عمان:ٹی ٹوئنٹی کوالیفائربنگلا دیش کے شکیب الحسن مین آف دی میچ کا ایوار ڈ تھامے ہوئے

عمان (نمائندہ خصوصی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے رائونڈ میں بنگلا دیش کرکٹ ٹیم نے پاپوانیوگنی کو 84رنز سے باآسانی شکست دے دی، بنگلا دیش کے 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاپوانیوگنی کی ٹیم97رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، شکیب الحسن کو شاندار آل رائونڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جمعرات کو عمان کے الامرات کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ بی کے میچ میں بنگلا دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔ بنگلا دیشی کپتان محمد اللہ نے 28 گیندوں پر شاندار نصف سنچری اسکور کی۔ آل رائونڈر شکیب الحسن نے 37 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ لٹن داس 29 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ آخر میں سیف الدین نے 6 گیندوں پر 19 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ پاپوانیوگنی کے کابوا موریا، ڈیمین راوو اور اسد والا نے 2,2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پاپوانیوگنی کی ٹیم 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 97 پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ کپلن ڈوریگا نے 46 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ چیڈ سوپر 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ان کے علاوہ کوئی بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔شکیب الحسن کو شاندار آل رائونڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔