پاکستان اسٹاک میں مسلسل دوسرے روز بھی تیزی

340

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز بھی تیزی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس 300پوائنٹس کے اضافے سے45800پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 39ارب روپے سے زائد کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم79کھرب روپے کے قریب جا پہنچا ۔کمپنیوں کے مثبت مالیاتی نتائج سامنے آنے پر سرمایہ کارایک بار پھر متحرک ہو گئے ہیں اور وہ نئی سرمایہ کاری کو بھی ترجیح دے رہے ہیں جس کی وجہ سے جمعرات کے روز بھی مارکیٹ میں تیزی کے اثرات نمایاں دیکھے گئے۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کے ایس ای100انڈیکس میں 321.91پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 45499.46 پوائنٹس سے بڑھ کر 45821.40پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 181.61 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 17824.53پوائنٹس سے بڑھ کر 18006.14 پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 31103.89پوائنٹس سے بڑھ کر 31279.32 پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 39 ارب 26 کروڑ 6 لاکھ 71 ہزار 932روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 78 کھرب 58 ارب 36کروڑ20لاکھ 73ہزار369روپے سے بڑھ کر 78 کھرب 97 ارب 62 کروڑ 27 لاکھ 45 ہزار301روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںجمعرات کو13ارب روپے مالیت کے 33 کروڑ83لاکھ15ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ بدھ کو10ارب روپے مالیت کے 30 کروڑ 81لاکھ86ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو مجموعی طور پر 359کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 158 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،185میں کمی اور16کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔