ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو کار کردگی دکھانی ہوگی

245

کراچی( سید وزیر علی قادری)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں صرف3 ٹیمیں ایسی ہیں جو 4 مرتبہ ٹاپ4 تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں اور پاکستان ان میں سے ایک ہے۔پاکستان کے علاوہ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز بھی 4 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ٹاپ4 مرحلے تک پہنچ چکی ہیں۔2007سے 2016کے درمیان ہونیوالے 6ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایڈیشنز کے ابتدائی 4ایڈیشنز میں پاکستان نے2 فائنل کھیلے، ایک جیتا ، ایک میں رنر اپ رہا جبکہ2 مرتبہ سیمی فائنل بھی کھیلے تاہم آخری2 ایڈیشنز میں پاکستان کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی۔ٹی ٹوئنٹی کا پہلا ورلڈ کپ 2007میں جنوبی افریقا میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے گروپ اسٹیج اور پھر سپر 8 اسٹیج میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ ان دونوں مراحل میں پاکستان کو صرف ایک میچ میں شکست ہوئی جو بھارت کیخلاف تھا، وہ بھی ٹائی ہونے کے بعد ٹائی بریکر پر بال آٹ مقابلے میں۔اس ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو6 وکٹوں سے شکست دی اور پھر فائنل میں ایک مرتبہ پھر بھارت کا سامنا ہوا ، مصباح کا آخری اوور میں اسکوپ شاٹ اور پاکستان ٹائٹل سے 5رنز کی دوری پر ہمت ہار گیا۔2 سال بعد انگلینڈ میں ہونیوالے دوسرے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے پہلے گروپ اسٹیج میں شاندار کارکردگی دکھائی، پھر سپر 8کا مرحلہ بھی پار کیا۔ سیمی فائنل میں شاہد آفریدی کی شاندار کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقا کو شکست دی اورفائنل میں پہنچا اور ورلڈ چیمپئن بن گیا۔2010کا ورلڈ کپ ویسٹ انڈیز میں ہوا، پاکستان اس ٹورنامنٹ میں اعزاز کے دفاع کیلئے میدان میں اترا، پہلے رائونڈ میں بنگلا دیش کو شکست دے کر سپر 8میں جگہ بنائی۔ پھر سپر8 میں اس نے صرف ایک میچ جنوبی افریقا سے جیتا اور بہتر رین اوسط کی بنیاد پر سیمی فائنل میں آگیا۔سیمی فائنل میں پاکستان کا سامنا آسٹریلیا سے تھا، بیٹرز نے شاندار کارکردگی دکھائی اور آسٹریلینز کو جیت کیلئے 192رنز کا ہدف دیا۔ ایک موقع پر یوں لگ رہا تھا کہ پاکستان یہ میچ جیت جائے گا مگر مائیکل ہسی نے بازی پلٹ دی اور پاکستان سیمی فائنل ہار گیا۔2012کے چوتھے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم سری لنکا پہنچی، گروپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کو ہرایا، سپر8 میں پاکستان نے جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کو شکست دی، سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ سری لنکا سے تھا، پاکستانی ٹیم 140کے تعاقب میں صرف 123رنز ہی بناسکی اور ٹورنامنٹ سے آئوٹ ہوگئی۔بنگلا دیش میں ہونیوالے 2014ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی کارکردگی مایوس کن رہی ، گروپ میں4 میں سے وہ صرف 2 میچز ہی جیت پائی۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف آخری گروپ میچ میں پاکستان ٹیم 166کے جواب میں صرف 82رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ اس ایونٹ میں پاکستان اگلے رائونڈ تک نہ آسکا۔