سینیٹر محمد اسحاق بلوچ کرکٹ اسٹیڈیم گوادر کو گراس کٹنگ مشین مل گئی

403
گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سینیٹر محمد اسحاق بلوچ کرکٹ اسٹیڈیم گوادر کو گراس کٹنگ مشین ملنے کے موقع پر منتظمین کا گروپ فوٹو

گوادر(جسارت نیوز)گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے گوادر کرکٹ ایسوسی ایشن کوسینیٹر محمد اسحاق بلوچ کرکٹ اسٹیڈیم گوادر کی گھاس کاٹنے کیلئے کورین برانڈ کی مشین فراہم کر دی ،جس سے گرائونڈکی آؤٹ فیلڈ کو مزیدخوبصورت بنانے میں مدد ملے گی۔ کورین برانڈڈ گراس کٹنگ مشین فراہم کرنے پر گوادر کرکٹ ایسوسی سابق صدر حاجی حنیف حسین، گوادر کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین زاہد سعید اور ممبر اُستاد اصغر حسین نے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی( جی ڈی اے)کے ڈائریکٹر جنرل شاہ زیب کاکڑ اور ڈپٹی ڈائریکٹرممتاز علی کاشانی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بطور ادارہ جی ڈی اے گوادر شہر کی تعمیروترقی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے ،کورین برانڈڈ گراس کٹنگ مشین کی فراہمی شاہ زیب کاکڑ اورممتاز علی کاشانی کی اسپورٹس دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ گوادر کرکٹ کمیٹی کے ممبر اُستاد اصغر حسین کا کہنا تھا کہ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے انجینئر ایاز اسد خان نے 2017 میں جب گوادر کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی حنیف حسین تھے کے ساتھ ملکر سینیٹر محمد اسحاق بلوچ کرکٹ اسٹیڈیم کی ڈویلپمنٹ کیلئے ایک جامع ترقیاتی پروپوزل تیار کیا اور پھرگوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شاہ زیب کاکڑ کی زیر نگرانی 15ملین روپے کی ایک خطیر رقم خرچ کرکے 2019 میں عملی جامع پہنا کر اسٹیڈیم کی خوبصورتی کو جلال بخشی ، وہ ایک بہترین کاوش تھی کہ جس کے سبب گوادر کے کرکٹرز پیشہ ورانہ طور پر مستفید ہو رہے ہیں۔ گوادر کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین زاہد سعید کا کہنا تھا کہ گوادر میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سینیٹر محمد اسحاق بلوچ کرکٹ اسٹیڈیم کے تزین و آرائش کیلئے خطیر رقم کا ٹینڈرجاری کیا ہے جو گوادر کرکٹ کیلئے نیک شگون ہے ۔ گوادر کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر حاجی حنیف حسین نے کہا کہ گوادر کرکٹ کمیٹی نے چیئرمین زاہد سعید کی قیادت میں اپنے دیگر ممبران کے ساتھ ملکر صرف 9 مہینے کی قلیل مدت میں گوادر کرکٹ میں ایک نئی روح پھونک دی ہے اور دن رات اپنی محنت سے گوادر کرکٹ کی رونقوں کو بحال اور کلب کرکٹ کو متحرک کر دیا ہے جس سے گوادرکی کرکٹ صوبے بھر میں ایک رول ماڈل بن گئی ہے۔گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی( جی ڈی اے)کے ڈپٹی ڈائریکٹرممتاز علی کاشانی نے گوادر کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین زاہد سعید اور ممبر اُستاد اصغر حسین کو گوادر میںکرکٹ کے کھیل کو فروغ دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جی ڈی اے کی مکمل سپورٹ کا یقین دلایا۔