امریکا سے ایف 35 طیاروں کی رقم وصول کریں گے ، ترکی

207
ابوجا: تُرک صدر اور ان کے نائیجیرین ہم منصب معاہدے پر دستخط کے بعد خوشی کا اظہار کررہے ہیں

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) تُرک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ وہ امریکا کو ایف 35 طیاروں کی مد میں دیے گئے ایک ارب ڈالر وصول کرکے رہیں گے۔ صحافیوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ امریکا سے رقم وصول کرنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ اس سلسلے میں اکتوبر کے آخر میں اٹلی کے دارالحکومت روم میں جی 20 اجلاس میں امریکی صدر سے بات چیت ہوگی اور ہم اس بارے میں ان سے استفسار ضرور کریں گے۔ صدر اردوان کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی صورت بھی واشنگٹن کو ترکی کا حق غصب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ شام میں سرحد پار آپریشن کے بارے میں اردوان نے کہا کہ فی الحال ہماری کارروائیاں خطے کے انتہائی حساس مقامات پر جاری ہیں۔ ہم شام میں یہ عمل جاری رکھے ہوئے ہیں اور علاحدگی پسندوں کے بارے میں کوئی مفاہمت نہیں ہوسکتی۔ شام میں آیندہ کی صورت حال کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا،تاہم ہم ادلب میں کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس کام کو ادھوارہ نہیں چھوڑ سکتے۔ خبررساں اداروں کے مطابق صدر اردوان 17 اکتوبر کو مغربی افریقی ممالک کا دورہ شروع کیا تھا،جس کے بعد اب وہ وطن واپس آگئے ہیں۔ ائرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اردوان نے کہا کہ وہ اب تک 30 مختلف افریقی ممالک کے 41 دورے کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ ترکی کے افریقی براعظم کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے عزم کا ایک ٹھوس اشارہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے انگولا ، ٹوگو ، برکینا فاسو ، لائبیریا اور نائیجیریاکے صدور کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کے دوران تعلقات اور علاقائی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق نائیجیریا کے صدر محمد بوہاری سے ملاقات کے دوران انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان 8معاہدوں پر دستخط کیے،جن میں توانائی، دفاعی صنعت شامل ہیں۔