سلامتی کونسل کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت

191

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف حملوں پر تنقید کرتے ہوئے کارروائیوں کی سخت مذمت کی۔ بیان میں سلامتی کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ حوثی ملیشیا بحیرہ احمر میں جہاز رانی کے لیے خطرہ ہے۔ سلامتی کونسل نے یمن کے متحارب فریقین سے فوری طورپرملک گیر جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ کونسل نے عدن کے گورنر اور یمنی وزیر زراعت پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فریقین ریاض معاہدے کو تعمیری طور پر نافذ کریں۔دوسری جانب عرب اتحاد نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں فوجی آپریشن شروع کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خطرات کے جواب میں عرب اتحاد نے صنعا میں آپریشن شروع کیا ہے، جس میں شہریوں اور ان کی املاک کو نقصان نہیں پہنچے گا۔ عرب اتحاد نے کہا کہ اگر یمن میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوتی رہیں تو انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی روشنی میں ہم حوثیوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران ہم نے یمن میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے ، ہمارا مقصد یمن کے تنازع کا پرامن حل سیاسی حل نکالنا ہے اور اس کے لیے عالمی کوششوں میں تعاون کرنا ہے۔