امریکا: غیر ملکیوں کو ملازمت دینے پر فیس بک پر جرمانہ

201

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی محکمہ انصاف نے غیر ملکیوں کو ملازمت دینے پر فیس بک پر جرمانہ عائد کردیا۔ محکمہ انصاف کے مطابق فیس بک نے عارضی ویزارکھنے والوں کو ملازمت کے لیے ترجیح دی اور ان کے مقابلے میں امریکی شہریوں، قانونی طور پر مستقل سکونت اختیار کرنے والے افراد، سیاسی پناہ گزینوں اور مہاجرین کو ملازمت دینے سے انکار کو معمول بنالیا ہے۔ کمپنی کو ملازمتیں دینے میں امریکی شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھنے اور ان کے مقابلے میں غیر ملکیوں کو ترجیح دینے پر 47 لاکھ ڈالر بطور جرمانہ ادا کرنا ہوں گے اور اہل متاثرین کو 95 لاکھ ڈالر بطور معاوضہ بھی دینا پڑیں گے۔ دوسری جانب فیس بک نے فرانس کے اخبارات کو خبری مواد استعمال کرنے کا معاوضہ ادا کرنے کے معاہدے کی تصدیق کر دی ۔ اس سے قبل گوگل بھی ایسا ہی ایک معاہدہ فرانسیسی اخبارات کے ساتھ کر چکا ہے۔ جمعرات کے روز فیس بک کی انتظامیہ نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ بعض فرانسیسی اخبارات کے ساتھ خبری مواد استعمال کرنے کے معاوضے کی ادائیگی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے یہ نہیں بتایا کہ اس معاہدے کے تحت سالانہ بنیاد پر کتنی ادائیگی کی جائے گی۔ بیان میں فیس بک نے کہا کہ اب باقاعدگی کے ساتھ خبریں اپ لوڈ کی جائیں گی۔