بہاریوں کو فوری شناختی کارڈ جاری کیے جائیں،مصطفی کمال

296

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے بے تحاشا خدمات کے باوجود لاکھوں بہاری پاکستان میں شدید مشکلات کا شکار ہے۔ حکومت پاکستان میں آباد بہاریوں کے ساتھ زیادتی بند کرے اور انہیں فوری بنیادوں پر شناختی کارڈ کا اجرا کرے تاکہ انہیں تعلیم، صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات مہیا ہوں۔ جن علاقوں میں بہاری برادری لاکھوں کی تعداد میں آباد ہیں وہاں پانی، بجلی، گیس جیسی بنیادی سہولیات موجود نہیں، شناختی کارڈ نہ ہونے کے باعث کراچی میں آباد لاکھوں بہاری گنتی ہی میں نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاری قومی موومنٹ کے مرکزی وفد سے پاکستان ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کی محبت میں بنگلادیش سے ہجرت کرکے آنے والی بہاری برادری کو نااہل اور کرپٹ حکمران شناختی کارڈ جاری نہیں کررہے جس کی وجہ سے بہاری برادری پر ناصرف تعلیم کے دروازے بند ہیں، بلکہ بنیادی سہولیات اور نوکریوں سے بھی محروم ہیں۔ کراچی میں آباد لاکھوں کی تعداد میں بہاری قوم رہائش پذیر ہے لیکن شناختی کارڈز نا ہونے کی وجہ سے مردم شماری میں شامل نہیں کیے گئے۔