پی آر اوز حکومت کی آنکھ ،کان کی حیثیت رکھتے ہیں،عبدالرشید سولنگی

159

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری محکمہ اطلاعات حکومت سندھ عبدالرشید سولنگی نے کہا ہے کہ مختلف وزرا ، مشیروں اور محکموں کے ساتھ تعینات پی آراوز حکومت کی آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتے ہیں اس لیے ان پر حکومت کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا سدباب کرنے اور عوامی فلاح وبہبود کے حکومتی منصوبوں کی تشہیر کی بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے۔اس بات کا اظہار انہوں نے جمعرات کواپنے دفتر میں محکمہ اطلاعات کے مختلف محکموں میں تعینات افسران تعلقات عامہ کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پی آر اوز کی پیشہ ورانہ ذمے داریوں سے متعلق فرداً فرداً رپورٹ لی گئی جبکہ افسران کو درپیش مسائل کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔سیکرٹری اطلاعات سندھ نے میڈیا کے ذریعے سندھ کابینہ کے تمام وزرا اور محکموں کی کارکردگی عوام میں اجاگر کرنے کے لیے مزید کوششوں پر زور دیا۔