سعودی عرب: کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کا شیڈول جاری

346

سعودی عرب نے 18 سال اور اس سے زائد عمر افراد کے لیے کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے کا شیڈول ترتیب ‏دیا ہے۔

مملکت میں موجود شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو بوسٹرڈوز لگوانا ہو گی، 60 سال سے زائد افراد کے بعد اب 18 ‏سال اور اس سے زائد عمر والوں کو تیسری ڈوز لگانے کا فیصلہ ہوا ہے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ان افراد کے لیے پہلی ڈوز کے 6 ماہ گزرنے پر تیسری ڈوز لگائی جائے گی۔

ترجمان وزارت صحت ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا تھا کہ گردوں کے پرانے مریضوں، ‏اعضا کی پیوندکاری کرنے ‏‏‏والوں کو بوسٹر ڈوز لگانا شروع کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف زمروں میں جلد ہی تیسری خوراک دینے کا آغاز ہو گیا ہے اور ابتدائی مرحلے میں 60 سال ‏‏‏یا ‏اس سے بڑی عمر کے بزرگوں کو بوسٹر ڈوز لگائی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر محمد العبد العالی کا کہنا ہے کہ تیسری ڈوز کے لیے تیاری شروع کر دی گئی ہے اور وقت آنے پر اس حوالے ‏‏‏‏سے مزید تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دوسری ڈوز کے 8 ماہ بعد تیسری خوراک لگائی جائے گی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ’ اب تک ‏‏‏‏کورونا ویکسین کی مملکت میں 41 ملین سے زیادہ خوراکیں دی جاچکی ہیں جبکہ 18 ملین سے زیادہ افراد ‏‏‏‏ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہیں‘۔