لاہور: فیکٹری بوائلر پھٹنے سے زور دار دھماکہ، دو افراد ہلاک

784

لاہور: ملتان روڈ پر واقع جوس بنانے والی فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کے باعث دو مزدور ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ فیکٹری میں ہولناک آگ بھڑک اٹھی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صبح سویرے ملتان روڈ پر واقع فیکٹری میں زور دار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور تک سنی گئی اور دھویں کے بادل بھی دور دور تک دیکھے جاسکتے ہیں جبکہ بوائلر پھٹنے سے راہ گیر جاں  بحق اور ایک شخص جھلس کر شدید زخمی ہو گیا تھا  جو بعد میں انتقال کرگیا۔

ملتان روڈ پر واقع مشروب بنانے والی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد فیکٹری میں ہولناک آگ بھڑک اٹھی، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث فیکٹری کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ دھماکے کی شدت سے قریبی گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے والی سات گاڑیوں کی مدد سے فیکٹری آتشزدگی پر قابو پالیا گیا ہے، اب کولنگ کا عمل جاری ہے۔

ملتان روڈ واقعے میں فیکٹری آتشزدگی کی لپیٹ میں آنے والا سیکیورٹی گارڈ کا 50 فیصد جسم جھلس چکا ہے، جسے اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

فیکٹری دھماکے اور آتشزدگی واقعے میں دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس میں ایک راہ گیر اور ایک فیکٹری ملازم شامل ہیں۔

فیکٹری ملازم نے آتشزدگی سے بچنے کےلیے چھت سے چھلانگ لگائی جو موت کا باعث بنی جبکہ راہ گیر بوائلر پھٹنے کی آواز سے گھبرا کر بھاگ رہا تھا کہ ٹرالی سے ٹکرا گیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ٹرالی سے ٹکرانے کے باعث 32 سالہ راہ گیر کے سر پر چوٹ لگی اور وہ جان کی بازی ہار گیا،  ہلاک ہونےوالے کی لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیاجبکہ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ آگ کیوں لگی پتہ لگایا جا رہا ہے۔