کراچی میں فوری مردم شماری کرائی جائے ، محمود حامد

116

کراچی(نمائندہ جسارت)آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے فوری اورشفاف مردم شماری کرائی جائے ، امن امان کی بگڑتی صورتحال تشویشناک ہوتی جا رہی ہے، حکومت اسمبلیوں اور بلدیاتی اداروں میں تاجروں کو نمائندگی دے تاکہ تاجر اپنے دیے ہوئے
ٹیکس کرپشن کی نذر ہونے سے بچاسکیں ، شہر کا انفرا اسٹریکچر تباہ ہو چکا ہے ، سڑکیں کھنڈرات ، مارکیٹیں کچرا کنڈی اور سیوریج کے پانی سے بھر چکی ہیں ،یہ امر افسوسناک ہے کہ کراچی میں گزشتہ سال صرف ٹریفک چالان کی مد میں 85کروڑ روپے وصول کیے گئے اور اندرون سندھ کے جاگیرداروں اور وڈیروں نے حکومت کو کل 61کروڑ روپے ٹیکس ادا کیا ۔ وقت آگیا ہے کہ ٹیکس دینے والے تاجر اسے کرپشن کی نذر ہونے سے بچا کر عوام پر لگانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ وہ گزشتہ روز کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے اسمال ٹریڈرز کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ محمود حامد نے لاک ڈائون کے دوران بی ایم جی کی قیادت کے کردار کو سراہا اور بی ایم جی کے قائد زبیر موتی والا اور اسمال ٹریڈرز کی کمیٹی کے چیئر مین مجید میمن کو تاجروں سے تعاون کر نے پر خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے نو منتخب صدر ادریس میمن کو بھی مبارکباد دی اور منتخب ہونے کے بعد کراچی کے مسائل پر ان کے عزائم کا خیر مقدم کیا ۔ اجلاس سے بی ایم جی کے زبیر موتی والا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے قائد سراج قاسم تیلی کی خدمت کے سفر کو جاری رکھیں گے ۔ اسمال ٹریڈرز کمیٹی کے چیئر مین مجید میمن نے کہا کہ کراچی چیمبر سب کا چیمبر ہے اور آج کی ہماری میٹنگ اس بات کی غماز ہے کہ یہاں شہر کے تمام چھوٹے بڑے تاجر چیمبر کی چھتری تلے جمع ہیں ہم ان شاء اللہ اسی طرح متحد رہ کر آگے بڑھتے رہیں گے ۔