احد چیمہ اثاثہ جات کیس میں طریقہ شہادت پر دلائل طلب

264

لاہور (آن لائن) احتساب عدالت نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت طریقہ شہادت پر فریقین کے وکلا کو دلائل کے لیے طلب کر لیا جبکہ کیس کی سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت کے جج نسیم ورک نے کیس پرسماعت کی۔ سماعت پر احد چیمہ عدالت میں پیش ہوئے، نیب کے 2 گواہوں کو بھی لایا گیا جس پر احد چیمہ کے وکیل نے اعتراض کیا کہ ترمیمی نیب آرڈیننس کے تحت گواہان کے بیانات عدالت کے سامنے وڈیو ریکارڈنگ کے تحت ریکارڈ کیے جائیں گے جب تک آلات نصب نہیں ہوتے بیان ریکارڈ نہ کیا جائے۔ جس کی وجہ سے کسی گواہ کا بیان قلمبند نہ ہوسکا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پرنیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت طریقہ شہادت پر فریقین کے وکلا کو دلائل پیش کرنے کے لیے طلب کرلیا۔