کرپٹو کرنسی کو ریگولیٹ کرنے کے اقدامات کیے جائیں،سندھ ہائیکورٹ

61

کراچی(نمائندہ جسارت)کرپٹو کرنسی پر پابندی کے خلاف درخواست پر عدالت نے حکومت کو کرپٹو کرنسی اور بٹ کوائن کا جائزہ لینے کا حکم دے دیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں کرپٹو کرنسی پر پابندی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے قانونی حیثیت کے تعین کے لیے وفاقی سیکرٹری خزانہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے کا حکم دیا۔ عدالت کاکہناتھا کہ
تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کرپٹو کرنسی کو ریگولیٹ کرنے کے اقدامات کیے جائیں ۔ عدالت نے 3 ماہ میں رپورٹ طلب کرلی،عدالت کاکہناتھا کہ اعلیٰ سطحی کمیٹی درخواست گزار وقار ذکا کا مؤقف سنے ،کمیٹی کا اجلاس ہر 15 روز بعد منعقد ہوگا ۔ ایس ای سی پی کا کہناتھا کہ غیر قانونی ایکس چینجز کے خلاف کاروائی جاری رکھیں گے ، عدالت نے ایس ای سی پی کو کارروائی سے نہیں روکا جبکہ ایف آئی اے کو کرپٹو کرنسی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔ جوائنٹ سیکرٹری خزانہ کا کہنا تھا کہ ابھی تک واضح نہیں کرپٹو کیا ہے ؟ ،کرنسی ہے ؟ اثاثہ ہے یا سوفٹ ویئر ہے ؟ عدالت کاکہناتھا کہ اگر واضح نہیں تو واضح ہونا چاہیے ، آپ قانون کیوں نہیں بناتے ؟ درخواست گزار وقار ذکا کاکہناتھا کہ جاپان نے کرپٹو کو قانونی شکل دی ہے ،تمام بینکس نے لکھ دیا ہے کرپٹو اور بٹ کوائن غیر قانونی ہے ، اسٹیٹ بینک کا کہناتھا کہ فی الحال کرپٹو کرنسی میں کاروبار کرنے کی اجازت نہیں ،سرکاری سطح پر تاحال کرپٹو کو غیر قانونی قرار نہیں دیا گیا۔