مہنگائی نے غریب عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے،عبدالجبار

169

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ اب غریب عوام بڑی تیزی سے بھوک و بدحالی کی طرف بڑھ رہے ہیں، اگر یہی صورتحال رہی تو پھر لوگوں کیلیے دو وقت کی روٹی کھانا بھی ناممکن ہوجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت کو تین سال ہوچکے ہیں اب جوں جوں وقت گزرتا جارہا ہے یہ حکومت عوام دشمنی کا کھل کر مظاہرہ کرنے لگی ہے۔ اشیائے صرف سمیت پیٹرول، گیس، بجلی کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے جو اب عوام کے بس سے باہر ہے۔ انہوں نے کہاکہ حالت یہ ہوگئی ہے کہ جب بھی لوگ بازار سودا لینے جاتے ہیں تو انہیں قیمتیں معلوم کرکے ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ تنخواہیں مہنگائی کے تناسب سے انتہائی کم ہیں جس کی وجہ سے مزدور پیشہ افراد کا گزارہ تقریباً ناممکن ہوگیا ہے۔ اس پر بھی وزیراعظم بار بار عوام کو کہہ رہے ہیں کہ گھبرانا نہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ سمجھ نہیں آتا کہ غریب عوام کیا کریں۔ انہیں اب روٹیوں کے لالے پڑے ہیں، یہ حکومت جو سابقہ حکومتوں پر تنقید کرتی تھی اج اس کا کردار سب سے زیادہ گھناؤنا ہوگیا ہے۔ اور اگر یہی صورتحال رہی تو مزید عوام کیلیے مشکلات پیدا ہوں گی۔