حیدرآباد ،ایڈووکیٹ ایکشن کمیٹی کے تحت مہنگائی کیخلاف احتجاج

135

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ایڈووکیٹ ایکشن کمیٹی حیدرآباد کی جانب سے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر وقار لغاری، صدام کیریو، شیراز بھٹی، ڈاکٹر گلزار جمانیاور ایڈووکیٹ عبدالمعید شیخ ودیگر نے کہاکہ مہنگائی اور بے روز گاری نے غریب عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے وفاقی حکومت نے پیٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیاہے جبکہ سندھ حکومت کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے، آٹا انتہائی مہنگا ہوچکا ہے عوام کو دو وقت کی روٹی تک نصیب نہیں ہے، لوگ مہنگائی کے باعث خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں جبکہ حکمران عیاشیوں میں لگے ہوئے ہیں انہیں مہنگائی کا احساس کیا ہوگا جن کے گھر، دفاتر، گاڑی سب کا خرچہ غریب عوام کے خون پسینے کی کمائی سے ادا کیاجاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ اب حکمرانوں سمیت سب کا بلا امتیاز احتساب کیاجائے مہنگائی کو فوری طور پر روکاجائے۔ انہوںنے کہاکہ حکمرانوں نے اب بھی ہوش کے ناخن نہ لیے تو بھرپور احتجاج پر مجبور ہوںگے۔
حیدرآباد ،پاکستان خاصخیلی اتحاد کی جانب سے احتجاج
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) پاکستان خاص خیلی اتحاد کی جانب سے مختار کار قاسم آباد ماجد خاص خیلی کے گھر پر حملے کے خلاف نیاز خاص خیلی اور دیگر کی قیادت حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پرانہوںنے کہاکہ مختار کار قاسم آباد ماجد خاص خیلی کے گھر ایک سازش کے تحت حملہ کرکے ان کو سخت تشدد کا نشانہ بنایا گیا جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ انہوںنے مطالبہ کیا ماجد خاص خیلی کے گھر پر حملہ کرنے والوں کو فوری طور پر کیفر کردار تک پہنچایاجائے۔