سکھرڈویژن میں ٹریک اور اسٹیشنز کی انسپکشن شروع

151

سکھر(نمائندہ جسارت)پاکستان ریلوے کی جانب سے سکھر ڈویژن میں ٹریک اور اسٹیشنوں کی انسپکشن شروع،ڈی ایس کی سربراہی میں پنوعاقل ،منڈوڈیرواور سانگی سمیت دیگر اسٹیشنوں کا دورہ اور ٹریک کا معائنہ ،افسران کو ٹریک میں جہاں ضرورت ہو فوری مرمت کی جائے ،ڈی ایس کی افسران کو ہدایت،ڈویڑنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلویز سکھر شعیب عادل کی سربراہی میں پاکستان ریلوے سکھر ڈویڑن کے افسران نے روہڑی تا خانپور سیکشن میں ٹریک اور ریلوے اسٹیشنوں کی دوروزہ انسپکشن شروع کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں انسپکشن ٹیم نے پنوعاقل ،منڈو ڈیرو اور سانگی سمیت مختلف ریلوے اسٹیشنوں کا دورہ کیا اور ٹریک کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس ریلوے نے ریلوے اسٹیشنوں پر مختلف شعبوں کی کارکردگی اور کام کا بھی جائزہ لیا اور اس موقع پر ہدایات جاری کی کہ جہاں پر ٹریک کی مرمت کی ضرورت ہے وہاں پر فوری مرمت کی جاَئے اور ریلوے اسٹیشنوں پر سہولیات کو بہتر سے بہتر کیا جائے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی درپیش نہ ہو۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت ایل ایم ون میں سکھر ڈویژن کے ساٹھ فیصد ٹریک کی مکمل مرمت اور بحالی کامنصوبہ شامل کیا گیاہے جس کی دو ارب روپے کی لاگت سے پی سی ون تیار کرکے وزارت کو بھجوادی گئی ہے جس کی منظوری کے بعد اس پر فوری کام شروع ہوگا ۔ان کا کہنا تھا کہ ٹرین کے سفر کو محفوظ سے محفوظ تر بنانے کے لیے ریلوے ہر ممکن اقدامات کررہاہے اور ریلوے اسٹیشنز و ٹرینوں میں مسافروں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔