نظام مصطفیﷺ کا عملی نفاذ استحصالی نظام سے نجات کا ضامن ہے،رخشندہ ناز

208

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)پاکستان میں نظام مصطفیﷺ کا عملی نفاذ ہی ہماری جائے پناہ اور ظالمانہ اور استحصالی نظام سے نجات کا ضامن ہے۔ملک پر مسلط حکمران اشرافیہ کی قرآن وسنت کے نظام سے باغیانہ روش نے پاکستان کو بدترین حالت میں پہنچادیا ہے۔سودی نظام کی وجہ سے پوراملک نعوذباللہ اللہ سے حالت جنگ میں مبتل ہوچکا۔پورا ملک اور کروڑوں پاکستانی شہری افراتفری انارکی،مایوسی اور ڈپریشن کی بدترین صورتحال کا شکار ہیں۔نجات صرف دامن مصطفی ﷺ سے وابستگی میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حلقہ خواتین سندھ کی ناظمہ رخشندہ ناز نے جماعت اسلامی شعبہ خواتین میرپورخاص کے تحت مقامی ہال میں پیغام سیرت النبیﷺکے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے جماعت اسلامی حلقہ خواتین سندھ کی نائب ناظمہ انوری بیگم ، فوزیہ خالد اور صبیحہ احتشام نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں مختلف شعبہ جات سے وابستہ خواتین اور اسکول وکالجز کی طالبات اورجماعت اسلامی کی کارکنان خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔کانفرنس کی شرکا خواتین سے خطاب کرتے ہوئے رخشندہ ناز نے مزید کہاکہ نبی کریم ﷺکا مقصد بعثت بھی انسانوں کو اللہ کے بتائے ہوئے نظام زندگی سے آراستہ پیوستہ کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ میڈیا پر سرکاری سرپرستی میں فحاشی و عریانی کو فروغ دے کر معاشرے کو مادر پدر آزاد بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں حکمران اپنے اقتدار کی خاطر غیروں کی کاسہ لیسی میں مصروف ہیں انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ ان شاء اللہ پاکستان اپنے مقصد وجود اور حقیقی منزل نظام مصطفیﷺ کی منور ہوگا۔