حکومت کی تبدیلی خوردبین لگانے سے بھی نظر نہیں آرہی ،جاوید قصوری

176

لاہور (وقائع نگار خصوصی ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ہے لاہور سمیت پورے صوبہ لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔عوام کے جان و مال کچھ بھی محفوظ نہیں رہے۔جرائم کی وارداتوں میں دن بدن اضافہ، حکومت کی بد ترین کارکر دگی کی عکاسی کرتا ہے۔موجودہ حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام ثابت ہو ئی ہے۔ تحریک انصاف کی تبدیلی خوردبین لگانے سے نظر نہیں آتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ جسٹس پروجیکٹ رول آف لا انڈیکس 2021ء کے رپورٹ مطابق پاکستان قانون کی بالادستی کے لحاظ سے 130 ویں نمبر پر ہے جبکہ جنوبی ایشیا کی رینکنگ میں پاکستان، نیپال، سری لنکا، بھارت، بنگلادیش سے بھی پیچھے ہے۔ خطے میں خراب کارکردگی پر پاکستان کے بعد افغانستان کا نمبر آتا ہے جبکہ کرپشن، بنیادی حقوق، امن عامہ اور سلامتی، نگران ضابطوں کے عدم نفاذ کی بنیاد پر پاکستان کی کارکردگی خراب رہی۔آزاد اور خود مختار میڈیا کی کیٹیگری میں 139 میں سے پاکستان کا نمبر 89 ہے،کرپشن میں پاکستان 139 میں سے 123ویں پوزیشن پر ہے جبکہ بنیادی حقوق کے معاملے میں پاکستان کی رینکنگ 126 ہے۔امن و سلامتی کی کیٹیگری میں پاکستان 139 ممالک میں سے 137 نمبر پر ہے، ریگولیٹری انفورسمنٹ میں پاکستان کا نمبر 123، سول جسٹس کیٹیگری میں رینکنگ 124 ہے۔ جبکہ فوجداری نظام انصاف کی کیٹیگری میں پاکستان 108 ویں نمبر پر ہے۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عوام سوال پوچھتے ہیں کہ کہاں ہے وہ مدینہ جیسی فلاحی ریاست جس کا خواب دکھایا گیا تھا۔؟ حکمرانوں نے پاکستان کی عزت وقار اور سلامتی سب کچھ داؤ پرلگا دیا ہے۔عوام کی حالت زار بد سے بدتر ہوتی چلی جا رہی ہے۔ملکی ادارے تباہ حال اور قومی خزانے پر بوجھ بن چکے ہیں۔