نواب شاہ ،منشیات فروشوں کیخلاف آپریشن ،7 گرفتار،منشیات برآمد

116

نوابشاہ(سٹی رپورٹر)رات گئے نوابشاہ کے مختلف علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری نے منشیات فروشوں کیخلاف آپریشن شروع کردیا منشیات کے اڈوں پر چھاپے مارے گئے جبکہ مخبروں کی نشاندہی پر بھی کارروائیاں کی گئیں، تھانہ بی سیکشن کے SHO اقبال وسان نے بھاری نفری کے ہمراہ غلام قادر بلوچ پاڑہ(نوابشاہ کا لیاری)میں گھیراؤ کر کے منشیات کے بڑے ڈیلر سمیت متعدد منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ چھاپا مار کارروائی کے دوران ملزم طارق بٹ،ملزم عبدالنبی میرانی، شاکر مکرانیاورمولا بخش بلوچ کو پولیس نے حراست میں لیا جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں نشہ آور چھالیہ،کچی شراب،چرس برآمد ہوئی ملزمان کیخلاف تھانہ بی سیکشن پر مقدمہ درج کر کے مزید منشیات فروشوں کی گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ دوسری کارروائی تھانہ کھڈر کی حدود میں کی گئی جہاں پولیس نے اطلاع ملنے پر چھاپا مار کر منشیات فروش نہال جمالی کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے ایک ہزار126گرام چرس برآمد ہوئی ہے ۔تیسری کارروائی تھانہ سکرنڈ کی حدود میں کی گئی جہاں چھاپے کے دوران ملزم عباس قریشی کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے 340پیکٹ مضر صحت نشہ آور گٹکا برآمد ہوا ہے تمام ملزمان کیخلاف مقدمات درج کر کے ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ پولیس کارروائیوں پر ایس ایس پی امیر سعود مگسی نے شاباشی دیتے ہوئے انسپکٹر اقبال وسان اور دیگر پولیس جوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کی لعنت سماجی برائیوں کی جڑ ہے منشیات کے استعمال سے نوجوان نسل برباد ہو رہی ہے جبکہ کئی گھرانے تباہی اور والدین اذیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اکیلے سب کچھ نہیں کر سکتی عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اس طرح کے لوگوں پر کڑی نگاہ رکھیں اور پولیس کا بھرپور ساتھ دیں ان شاء اللہ عوام اور پولیس مل جل کر اپنے علاقے اپنے شہر اور اپنے ضلع سے منشیات کی لعنت کو نہ صرف ختم کر دیں گے بلکہ کرائم پر کنٹرول اور پر سکون و خوشگوار ماحول قائم کر کے شہر نوابشاہ کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔