میرپور خاص،عوام اتائی ڈاکٹروں اور جعل عاملوں کے نرغے میں

218

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) میرپور خاص کے عوام اتائی ڈاکٹروں اور جعلی عاملوں کے نرغے میں ہیں، اتائی ڈاکٹرز لوگوں میں ایڈز، ہیپاٹائٹس سمیت خطرناک بیماریاں بانٹنے لگے جبکہ جعلی عامل سادہ لوح لوگوں کے مسائل حل کرنے کی آڑ میں بھاری رقوم بٹورنے میں مصروف ہیں۔اس حوالے سے متعلقہ اداروں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔تفصیلات کے مطابق میرپورخاص ان دنوں اتائی ڈاکٹروں اور جعلی عاملوں کیلیے انتہائی زرخیز بنا ہوا ہے میرپورخاص اور اس کے گرد و نواح میں اتائی ڈاکٹروں نے پنجے گاڑ لیے ہیں اور وہ علاج کے نام پر لوگوں میں ایڈز، ہیپاٹائٹس سمیت دیگر جان لیوا بیماریاں بانٹ رہے ہیں اور ہیلتھ کیئر کمیشن اس معاملے پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے اور لوگ تیزی سے خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ میرپورخاص ان دنوں جعلی عاملوں کیلیے جنت بنا ہوا ہے اور جعلی عامل سادہ لوح لوگوں کو ان کے مسائل حل کرنے کے نام پر دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداراروں نے جعلی عاملوں کے خلاف کارروائی کرنے کے حوالے سے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے جس کی وجہ سے سادہ لوح عوام جعلی عاملوں کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں۔ میرپورخاص کے سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اتائی ڈاکٹروں اور جعلی عاملوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ لوگوں میں موذی مرض پھیلنے سے بچایا جا سکے اور جعلی عاملوں کے ہاتھوں لوٹنے والے سادہ لوح لوگوں کو بچایا جائے۔