خیبر پختونخوا،بلوچستان میں بم دھماکا، حملے، فائرنگ6 اہلکار شہید

150

باجوڑ ،ہنگو(مانیٹرنگ ڈیسک) باجوڑ میں بم دھماکا، 4 سیکورٹی اہلکار شہید۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے ضلع باجوڑ میں سیکورٹی پر معمور اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع باجوڈ کی تحصیل وڑما موند میں بم دھماکے کے نتیجے میں 4
سیکورٹی اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے 2 اہلکاروں کا تعلق پولیس اور 2 اہلکاروں کا تعلق ایف سی سے ہے۔دھماکے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ اس سے قبل ضلع ہنگو کے علاقے تھل میں دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ضلع ہنگو کے علاقے تھل میں فوجی چوکی پر فائرنگ کی۔فوجی چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کا واقعہ رات گئے پیش آیا۔پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کا موثر انداز میں مقابلہ کیا۔فائرنگ کے تبادلے میں مانسہرہ کا رہائشی 26 سالہ سپاہی وقاص شہید ہوگیا۔بلوچستان کے ضلع کیچ میں حملے کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید، جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد جہنم واصل۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے بلوچستان کے ضلع کیچ میں موجود سیکورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا گیا۔دہشت گردوں کے حملے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے بھی بھرپور جواب دیا۔ حملے کے بعد فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک سپاہی جام شہادت نوش کر گیا، جبکہ 2 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے۔