عمران خان مذہبی کارڈ کھیلتے ہیں،جلد رخصت کرنا ہوگا،ن لیگ

320

اسلام آباد،لاہور( خبر ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان مذہبی کارڈ کھیلتے ہیں، کیا ریاست مدینہ میں غیر ملکی تحفے ہڑپ کیے جا سکتے ہیں؟عمران نیازی ریاست مدینہ کے خود ساختہ امیر ہیں۔اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام فیصلہ کن تحریک چلا کر جعلی حکمرانوں کو گھر بھیجیں، ان نالائقوں کو رخصت نہ کیا گیا تو ملک کے مسائل ناقابل حل ہوں گے۔احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پورا ملک معاشی و اقتصادی بد حالی کا شکار ہے، ایک ایک کر کے پاکستان کے قومی اداروں کو غیر فعال کیا گیا، ہمارے دفاعی ادارے کا دو ہفتوں سے تماشا بنایا ہوا ہے، پاکستان ایٹمی طاقت ہے لیکن دنیا ہنس رہی ہے، کوئی قومی ادارہ ان کی جہالت سے نہیں بچا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ووٹرز خود رو رہے ہیں، حکومت پیٹرول مہنگا کر کے مہنگائی کا ایٹم بم گرا رہی ہے، حکمران عیش کر رہے ہیں عوام مہنگائی کے بم سے جل رہے ہیں، دسمبر میں ملک کی تاریخ کا گیس کا بحران آرہا ہے۔مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے لانگ مارچ اسلام آباد کے قریب پہنچنے تو نوازشریف بھی آجائیں، جب لانگ مارچ کی بات ہوگی تو پھر دیکھا جائے گا کہ شہبازشریف یا مریم نوازکون قیادت کرتا ہے، فی الحال ڈویژنل سطح پراحتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرے ڈویژن کی سطح پر ہوں گے ان کی قیادت ایم این ایز اور ایم پی ایز کریں گے، جب لانگ مارچ کی بات ہوگی تو فیصلہ ہوگا کہ شہبازشریف یا مریم نوازکون قیادت کرتا ہے،ہوسکتا ہے لانگ مارچ اسلام آباد کے قریب پہنچنے تو نوازشریف بھی آجائیں، جنتر منتر پر میرا یقین نہیں ہے، لیکن بظاہر صورتحال یہ ہے کہ ع سے عثمان، عمران اور عبدالقیوم ہے، اس کے پیچھے کیا منطق ہے؟ مزید برآں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اور نگزیب نے میڈیا سے گفتگو میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے پاس چینی ،دوائی، آٹا، بچوں کی فیسیں دینے کے پیسے نہیں چھوڑے ، ملک جو ترقی کر رہا تھا اس ملک کی معیشت کا جنازہ نکال دیا گیا، ملک کی سلامتی کو تماشا بنا دیا گیا۔