مادی ترقی کے بل پر کھڑے نظام زمین بوس ہورہے ہیں،راشد نسیم

229

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) آپ ؐ کا اسوہ بنی نوع انسان کے لیے مشعل راہ ہے‘ رحمت اللعالمین کی رحمت سے منہ موڑ کر دنیا کبھی ترقی نہیں کرسکتی‘ دنیا سیاسی،معاشی اور اخلاقی بحران کا شکار ہے، انسان کے بنائے ہوئے تمام نظام فیل ہوگئے ہیں‘ آپؐ کی شریعت ہی دنیا کو بحرانوں سے نکال کر پائیدار ترقی اور امن کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے‘ مادی و سائنسی ترقی نے دنیا کو ظلم،بد امنی اور بے چینی کے سوا کچھ نہیں دیا‘ ٹوٹی چپل پہننے والوں نے امریکا اور دنیا بھر کی ٹیکنالوجی کو شکست سے دوچار کردیا ہے، سائنس اور مادی ترقی کے بل پر کھڑے نظام زمین بوس ہورہے ہیں‘مستقبل اسلام کا ہے‘تمام تر پابندیوں کے باوجود اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کیماڑی کے تحت دفتر ضلع میں سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع کیماڑی فضل احد نے بھی خطاب کیا۔فضل احد نے کہا کہ حب رسول ایمان کی شرط ہے اس کے بغیر کوئی مومن نہیں ہو سکتا ہے۔ محبت رسول کا تقاضا ہے کہ ہم نبی کریم کی تعلیمات پر عمل کریں‘ اگر آج ہم نے نبی پاک کی تعلیمات کو مشعل راہ نہ بنایا تو ذلت و رسوائی ہمارا مقدر ہوگی‘ آپؐ کی سنت پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔راشد نسیم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ امت مسلمہ کو اتحاد کے ذریعے ہی طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، اسلام دنیا میں غالب ہونے کے لیے آیا ہے ان شا اللہ ملک میں نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا قانون نافذ ہو کر رہے گا،حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے دعوت کے ذریعے اسلام کا پیغام عام کیا اور ظلم کے اندھیروں میں روشنی کے چراغ روشن کیے، راشد نسیم نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جب اپوزیشن میں تھے تو کہتے تھے کہ جب پیٹرول کی قیمت بڑھتی ہے تو وزیر اعظم چور ہوتا ہے اب بتائیں کہ چور کون ہے‘ وزیر اعظم غربت کو ختم کریں غریبوں کو نہیں‘ حکومت کی پالیسیاں غربت کے بجائے غریبوں کو ختم کر رہی ہیں‘ مہنگائی کرکے عوام کی کمر توڑ دی گئی۔ پیٹرول کی قیمتیں پہلے ہی غریب کی پہنچ سے باہر تھیں اب یہ آسمان کو چھو رہی ہیں‘ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام سے دشمنی ہے اس سے اشیائے خور و نوش مزید مہنگی ہوں گی، حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لے۔