حکومت اور فوج میں کوئی دراڑ نہیں مدت پوری کرینگے،شیخ رشید

334
راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید گورنمنٹ ڈگری کالج میں ہال کے افتتاح کے بعد دعا کررہے ہیں

راولپنڈی(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج میں کوئی اختلاف نہیں ،الیکشن سے پہلے اپوزیشن دنگا فساد کرے گی تو اپنے لیے گڑھا کھودے گی ۔انہوں نے راولپنڈی میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن میں ملٹی پرپز اکیڈمک ہال کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لال حویلی کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتا ہوں، لڑکے نالائق ہو گئے جبکہ لڑکیاں آگے نکل گئی ہیں،راولپنڈی میں جو بھی پلاٹ خالی نظر آئے وہاں کالج اور یونیورسٹیز بنائیں ، ان شا اللہ راولپنڈی میں آئی ٹی یونیورسٹی بھی بنائیں گے،جو بچیاں اپنی فیس نہیں دے سکتیں ان کی فیس لال حویلی دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمارا فوکس اسپتالوں پر ہے، ہولی فیملی اسپتال کو 20 وینٹی لیٹرز دیے ہیں، نالہ لئی ایکسپریس وے اور رنگ روڈ منصوبہ بھی منظور کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ناظم الامور کو بھی پتا ہے (ن) اور (ش) الگ الگ ہیں،الیکشن سے پہلے تیسری لیگ وجود میں آ جائے گی، الیکشن جب آئے گا ایک نئی صف بندی ہو گی، شہباز شریف کی اگر کسی سے ملاقات ہوئی ہے تو اچھی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے احتجاج کے لیے میرے شہر کا انتخاب کیا،پی ڈی ایم شوق سے احتجاج کرے، قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا جائے تو کوئی مسئلہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور فوج میں کوئی دراڑ نہیں ، عمران خان 5برس پورے کریں گے۔انہوںنے کہا کہ پاک نیوی نے تیسری مرتبہ بھارتی سب میرین کو شٹ اپ کال دی ہے، پاک نیوی نے مجھے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خودہر ہفتے مہنگائی کے مسئلے کو دیکھ رہے ہیں، کوشش ہے ڈالر کی نقل و حمل کو روکا جاسکے،اسلام آباد کے لیے پولیس ڈرونز کا ایک اسکواڈ بنانے جا رہے ہیں۔