ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالناایف بی آر کی پالیسی نہیں، طارق مصطفیٰ

115

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو طارق مصطفیٰ نے کہا کہ ایف بی آر کی پالیسی نہیں کہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالا جائے، ٹیکس کی ادائیگی کے لیے ایف بی آر کے آن لائن سسٹم آئریس(IRIS) کو تبدیل کرکے نیا جدید اور لائق سسٹم متعارف کرائیں گے جس میں ہر طرح کے ٹیکس کی ادائیگی ایک ہی جگہ پر با آسانی کی جاسکے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے عہدیداران اور ممبران سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ تقریب میں کاٹی کے صدر سلمان اسلم، کائٹ کے سی ای او زبیر چھایا، ٹیکس لائژن کمیٹی کے چیئرمین مسعود نقی، سینئر نائب صدر ماہین سلمان، سابق صدور سلیم الزماں، طارق ملک، فرحان الرحمن، راشد صدیقی، جوہر قندھاری، احتشام الدین، سید فرخ مظہر سمیت دیگر اراکین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چیف کمشنر آر ٹی او طارق مصطفیٰ کا کہناتھا کہ کاٹی نے جن مسائل پر توجہ دلائی وہ نہ صرف ریجنل ٹیکس آفس کی بہتری بلکہ اس سے ایف بی آر کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2013 کے بعد ٹیکس ریفنڈ کی ادائیگیاں تعطل کا شکار تھیں۔