سنگین جرائم میں ملوث کالعدم تنظیم کے کارندے سمیت 107 گرفتار

205

کراچی( اسٹاف رپورٹر) پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث کالعدم تنظیم کے کارندے سمیت 107ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔کاؤنٹر ٹیررایزم ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاع پر ابوالحسن اصفہانی روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کاؤنٹر ٹیررایزم ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاع پر رشید صابری پارک کے قریب ابوالحسن اصفہانی روڈ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد سید مظہر علی نقوی ولد سید ناصر حسین نقوی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول بمع لوڈ میگزین برآمد کرلیا، ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم واردات کی غرض سے جا رہا تھا کہ سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ، ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر مخالف تنظیم کے افراد کے قتل کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے، ملزم کے 2 ساتھی پہلے ہی گرفتار ہو چکے ہیں۔ تھانہ مبینہ ٹاؤن پولیس نے یونیفارم میں واردات کرنے والے گروہ کے 2 کارندوں صوبت خان اور حسن سردار کو گرفتار کرلیا، شرافی گوٹھ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سواری کی آڑ میں منشیات سپلائی کرنے والے رکشا ڈرائیور اکبر کو گرفتار کرلیا۔تھانہ ٹیپو سلطان کی انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کے دوران ڈکیتی کے مفرور ملزم عبدالقدیر عرف جسیر کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی۔ تھانہ ڈاکس پولیس نے الفلاح چوک نزد ماما یعقوب والی گلی میں منشیات فروشوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مار کارروائی کرتے ہوئے 2 منشیات فروش ملزمان واصل خان ولد خورشید خان اور مفصل عرف بشینا ولد محمد سلطان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے منشیات برآمد کر کے مقدمہ درج کرلیا۔کراچی کے علاقے کورنگی ‘ مہران ٹائون میں پولیس نے چھاپا مار کر اندرون سندھ کے ایک گینگ کے پانچ کارندوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا اور انہوں نے 60 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیاہے۔ایس ایس پی کورنگی کے مطابق اس گینگ پر سکھر اور شکارپور میں ڈکیتی کے 7 مقدمات درج ہیں۔ضلع کورنگی کے 10تھانوں کا مضر صحت گٹکا ماوامافیاز کے خلاف بھر پور کریک ڈائون جبکہ کرمنلز کے خلاف ایکشن‘ مجموعی طورپر 97ملزمان گرفتار کرکے مضر صحت گٹکا ماوا کی بہت بڑی کھیپ ، گٹکا بنانے کا ساز و سامان، اسلحہ، منشیات، موٹر سائیکلیں اور پارٹس، دائوپر لگی رقم ، آلات قمار بازی اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ ایس ایس پی ضلع کورنگی شاہ جہان خان نے بہتر کارکردگی پر متعلقہ ایس ایچ اوز اور پولیس پارٹیز کو تعریفی سند اور نقد انعامات دینے کا اعلان کیا ہے۔