شہر کی تباہ ھال سڑکیں بارش کے بعد مزید ٹوٹ پھوٹ کا شکار

308

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کی مرکزی شاہراہوں سمیت گلی محلے کی سڑکیں حالیہ بارشوں کے بعد سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔کراچی میں سڑکوں کی حالت پہلے ہی خراب تھی اور حالیہ بارشوں کے بعد شہر کا انفرااسٹرکچر مزید تباہ ہوکر رہ گیا ہے۔ مرکزی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ گلیوں محلوں کی کی سڑکیں تو ناقابل استعمال ہو چکی ہیں جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔حالیہ بارشوں کے بعد مرکزی سڑکوں میں ایم جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، شاہراہ پاکستان، راشد منہاس روڈ سمیت دیگر بڑی اور چھوٹی سڑکیں جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں اور بڑے بڑے گڑھے پڑے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔لیاقت آباد دس نمبر، تین ہٹی، کریم آباد پر جگہ جگہ سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، اسی طرح بلوچ کالونی کے پل پر سڑک نا ہموار ہے جس کی جہ ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔ کورنگی ایکسپریس وے سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹی ہوئی ہے، ایکسپریس وے پر گڑھے تک پڑے ہوئے ہیں۔ اورنگی ٹاؤن، بلد یہ ٹاؤن کی مرکزی سڑکیں بھی ادھڑی ہوئی ہیں۔ یونیورسٹی روڈ پر نیپا چورنگی، سفاری پارک کے قر یب اور دیگر مقامات پر ایک ارب سے زائد سے تعمیر ہونے والی سڑک ٹوٹی ہوئی ہے۔ کے الیکڑک نے سڑک کو کھود کر پہلے ہی ایک کلومیٹر سے زائد ایریا کو متاثر کر دیا تھا۔ ابو الحسن اصفہانی روڈ بھی جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔مرکزی سڑکوں کی ابتر صورتحال پر اب تک بلدیہ عظمیٰ کراچی نے استرکاری یا مرمتی کام شروع نہیں کیا ہے۔ یہ تمام سڑکیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدود میں آتی ہیں۔ مرکزی سڑکوں کے ساتھ گلیوں محلوں کی سڑکیں شہر کی تباہ ہوچکی ہیں۔ کئی برس سے علاقائی سڑکیں بننا ہی ختم ہوچکی ہیں اور پرانی سڑکیں بارشوں اور دیکھ بھال نہ ہونے سے کھنڈرات میں تبد یل ہوچکی ہیں۔کورنگی کراسنگ سے کورنگی ایک نمبر سے چھ تک اور لانڈھی ایک نمبر سے قائد آباد کی اندرونی گلیوں کی سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں جہاں سے گزرنا انتہائی دشوار ہوتا ہے۔ ملیر اور شاہ فیصل کالونی کی گلیوں محلوں کی سڑکوں کی حالت بھی انتہائی خراب ہے۔ اورنگی ٹاؤن کی سڑکوں کا انفرااسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے۔ بالکل ایسی ہی حالت بلدیہ ٹاؤن، لیاری اور کیماڑی کی بھی ہے۔ سرجانی ٹاون، بفرزون، نارتھ کراچی، نیو کراچی ، پاپوش نگر، ناظم آباد، لیاقت آباد، پی آئی بی کالونی کی گلیوں اور سڑکوں کی عمر ختم ہوچکی ہے۔شہر یوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلیوں محلوں کی سڑکوں کی تعمیرنو برسوں سے ہو ہی نہیں رہی ہے۔