کرپشن کے ذریعے فشر مینز سوسائٹی کو نقصان پہنچایا گیا،زاہد ابراہیم

144

کراچی(اسٹاف رپورٹر)فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے کہا ہے کہ منافع بخش ادارے کولوٹ مار کرکے تباہی کے دہانے پر پہنچانے والوں نے ملازمین کوبھی معاف نہیں کیا۔وہ زندگی بھر ادارے کی خدمت کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کی گریجویٹی بھی ڈکار گئے،کراچی فش ہاربر پر فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی میں مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہوجانے والے ملازمین کو گریجو یٹی کی ادائیگی کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے کہا کہ ماہی گیروں کے ادارے کو نوچ نوچ کر کھانے والوں نے ان ریٹائرڈ ملازمین کو بھی نہیں بخشاجنہوں نے زندگی بھر اس ادارے کی خدمت کی۔وہ لٹیرے کرپشن کے ذریعے اکائونٹس خالی کرکے فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کے بعد ریٹائرڈ ملازمین کی گریجویٹی کے پیسے بھی لوٹ کر چلتے بنے۔ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے کہا کہ زندگی بھر اس ادارے کی خدمت کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین اپنا حق گریجویٹی کے حصول کے لیے عرصہ دراز سے دھکے کھا رہے تھے مگر ان کی سننے والا کوئی نہیں تھا۔